جاوید اقبال
مینڈھر//حدِ متارکہ پر پاکستانی فوج کی جانب سے کی گئی شدید فائرنگ کے نتیجے میں مینڈھر سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی دیکھنے کو ملی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، سب ڈویژن کے منکوٹ، مینڈھر اور بالاکوٹ علاقوں میں فائرنگ اور گولہ باری سے تقریباً ایک درجن رہائشی مکانات مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے ہیں۔علاقہ مکینوں کے مطابق، اچانک شروع ہونے والی فائرنگ نے لوگوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور کئی کنبے رات کے اندھیرے میں اپنی جانیں بچا کر محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونے پر مجبور ہو گئے۔بالاکوٹ علاقے میں ایک مسجد کو بھی گولے کا نشانہ بنایا گیا جس سے مسجد کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ گاؤں میں بیت الخلاء ، دکانیں اور دیگر بنیادی ڈھانچے جیسے بجلی کی لائنیں اور پانی کی پائپ لائنیں بھی متاثر ہوئیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ فوری طور پر نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لئے ٹیمیں روانہ کرے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد معاوضہ فراہم کیا جا سکے۔سماجی کارکنوں اور مقامی نمائندوں نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کرے، تباہ شدہ املاک کی مرمت کے لئے مالی معاونت فراہم کرے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لئے حفاظتی اقدامات اٹھائے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نقصان کا جائزہ لینے کے لئے ابتدائی ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں، اور جلد ہی سروے مکمل کر کے متاثرین کو ممکنہ امداد فراہم کی جائے گی۔سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگ روز بروز بڑھتی کشیدگی سے شدید پریشان ہیں اور چاہتے ہیں کہ حکومت اور متعلقہ حکام ان کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور بنیادی سہولیات کی فوری بحالی کے اقدامات کرے۔