راجوری //گزشتہ روز پونچھ کے گلپور سیکٹر میں فائرنگ اور گولہ باری کے بعد دوسرے دن راجوری میں بھی ہندپاک افواج کے مابین فائرنگ کاتبادلہ ہواہے ۔دفاعی ذرائع نے بتایاکہ صبح گیارہ بجے پاکستانی فوج کی طرف سے راجوری کے حد متارکہ پر واقع علاقوں نمبلاں، چٹی بکری اور مٹھی دھرا میں فائرنگ اور گولہ باری کی گئی جس کے رد عمل میں بھارتی فوج نے بھی بھرپور جواب دیا۔ذرائع نے بتایاکہ اس دوران خود کار ہتھیاروںکا استعمال بھی کیاگیا۔فائرنگ کا یہ سلسلہ لگ بھگ ایک گھنٹے تک جاری رہا جس سے علاقے میں خوف و حراس پیدا ہوا اور لوگ گھروںسے باہر نہیں نکلے ۔ تاہم اس دوران کسی بھی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیںملی ہے ۔ ذرائع نے بتایاکہ دن کے بارہ بجے سے اب تک اگرچہ سکوت ہے لیکن لوگوںمیں خوف پایاجارہاہے ۔اس حوالے سے ضلع انتظامیہ راجوری نے بتایاکہ فائرنگ سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیںہواہے ۔دریں اثناء بالاکوٹ کے ترکنڈی سیکٹر میں شام ساڑھے سات بجے سے ساڑھے آٹھ بجے تک ایک گھنٹہ فائرنگ اور گولہ باری ہوئی لیکن اس دوران کسی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔