جموں //حد متارکہ پر کشیدگی برقرار ہے اور پیر کے روز راجوری کے سندر بنی کیری بٹل سیکٹر میں پاکستانی فوج کی فائرنگ سے ایک بھارتی فوجی اہلکار زخمی جبکہ تین اہلکار زخمی ہوگئے ۔ کیری بٹل سیکٹر میں پیر کی صبح سویرے ہی دونوں ممالک کی افواج کے درمیان شدید فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجہ میں 4فوجی اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایک نے بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیاجبکہ دیگر تین اہلکار ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔مارے گئے فوجی اہلکار کی شناخت 24سال رائفل مین کرمجیت سنگھ کے طور پر ہوئی ہے جو ریاست پنجاب کے دھرم کوٹ موگا علاقے کا رہنے والاتھا۔جموں میںمقیم دفاعی ترجمان نے بتایاکہ رائفل مین کرمجیت سنگھ سندر بنی سیکٹر میں پاکستانی فوج کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اشتعال انگیزطور پر کی گئی فائرنگ اور گولہ باری کی زد میں آکر زخمی ہواجس نے بعد میں دم توڑ دیا۔انہوں نے مزید بتایاکہ پاکستانی فوج نے پیر کی صبح 5بج کر 30منٹ پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مارٹر گولوں اور چھوٹے ہتھیاروں کا استعمال کیا جس کا بھارتی فوج نے بھرپور جواب دیااور یہ سلسلہ صبح 7بج کر 15منٹ پر رک گیا۔