کپوارہ //سرحدی ضلع کپوار ہ کے حد متارکہ پر خونریز جھڑپ کے دوران4جنگجوئوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔فوج کا کہنا ہے کہ جمہ گنڈ ترہگام علاقے میںشال بٹھہ حد متارکہ کے نزدیک تل پتری کے مقام پر تعینات فوج کے 3GR کے اہلکاروں نے پیر کی علیٰ الصبح جنگجوئوں کے ایک گروپ کو مشکوک حالت میں دیکھا جس کے بعد فوج نے جنگجوئوں کو گھیرے میں لیا اور انہیں ہتھیار ڈالنے کی پیش کش کی۔ لیکن بھاری ہتھیاروں سے لیس جنگجوئوں نے پیشکش ٹھکرا دی اور فوج پر زبردست فائرنگ کی ۔فوج کا کہنا ہے کہ طرفین کے درمیان کئی گھنٹوں تک جھڑپ جاری رہی جس کے دوران علاقے میں شدید گن گرج سے جنگ کا سماں پیدا ہوا۔بعد میں جنگجوئوں نے گھنے جنگلوں کا سہارا لینے کی کوشش کی لیکن فوج نے انکے فرار ہونے کے تمام راستے سیل کئے تھے جس کے باعث چاروں جنگجو مارے گئے جنکی شناخت نہیں ہوسکی اور انکی تحویل سے بھاری مقدار میں اسلحہ بر آمد کیا گیا۔علاقے میںبھاری برف بھاری کے بعد زرہامہ جمگنڈ سڑک گزشتہ چار مہینوں سے بند پڑی ہے جس کے نتیجہ میں پولیس پارٹی جھڑپ کی جگہ نہیں پہنچ سکی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جس مقام پر فوج اور جنگجوئوں کے درمیان جھڑپ ہوئی ہے یہ جمگنڈ ترہگام کے حد متارکہ پر کپوارہ سے کافی دور ہے اور برف باری کی وجہ سے مکمل جانکاری نہیں مل پائی ہے ۔واضح رہے کہ سرحدی ضلع کپوارہ میں یہ ان سال کی پہلی دراندازی کی کوشش ہے ۔