سرینگر//سرکاری اعدادوشمار کے مطابق جموں کشمیر میں لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر گذشتہ دو برسوںمیں گولی باری کے نتیجے میں25عام شہری ہلاک اور162زخمی ہوئے اور224رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ اس عرصے کے دوران سرحدوں پر94جنگجو یا درانداز بھی مارے گئے۔بھاجپا ایم ایل اے راجیش گپتا نے اسمبلی میں ایک سوال کے ذریعے حکومت سے ریاست میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی حد متارکہ اور انٹر نیشنل بارڈر پر پاکستانی فوج کی شیلنگ سے ہوئے جانی اور مالی نقصانات کی تفاصیل طلب کی تھیں۔سوال کے تحریری جواب میں ایوان کو بتایا گیا کہ سال2016اور2017کے دوران کنٹرول لائن اور بین الاقوامی سرحد پر25عام شہری مارے گئے اور162زخمی ہوئے۔سال2016میں 13شہری ہلاک اور83زخمی جبکہ2017میں12شہری ہلاک اور79مضروب ہوئے۔اس عرصے کے دوران لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحدوں پر94جنگجوئوں کو ہلاک اور3کو گرفتار کرنے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق سال2016میں35جنگجو ہلاک جبکہ تین گرفتار ہوئے اور2017میں59جنگجوئوں یا دراندازوں کو ہلاک کردیا گیا۔ ایوان کو اس بات کی جانکاری بھی دی گئی کہ حکومت نے25مہلوکین اور110زخمیوں کے حق میں ایکس گریشیاء ریلیف واگزار کی گئی ہے جبکہ دیگر معاملات کے بارے میں یہ عمل جاری ہے۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران سرحدی گولی باری سے ہوئے مالی نقصان کے بارے میں حکومت نے بتایا کہ کراس بارڈر فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں 224رہائشی مکانات اور دیگر تعمیرات کو نقصان پہنچا ہے۔اعدادوشمار کے مطابق اس عرصے میں جموں ضلع میں80رہائشی و دیگر تعمیرات،سانبہ میں28، کٹھوعہ میں13 اورپونچھ میں31 تعمیرات کو نقصان پہنچا جن میں زیادہ تر رہائشی مکانات شامل ہیں۔بانڈی پورہ میں سرحدی گولی باری سے15رہائشی مکانات کے ساتھ ساتھ دو مساجد اور ایک اسکول بھی نقصان سے دوچار ہوا جبکہ بارہمولہ میں ایک اور کپوارہ میں40رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔
ٹنگڈار میں در اندازی کی کوشش ناکام
حد متارکہ پر گولہ باری سے اس پار 8افراد زخمی
کپوارہ/اشرف چراغ /شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع کے حد متارکہ پر واقع کرناہ سیکٹر میں فوج نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کرتے ہوئے بتا یا کہ 3سے 4جنگجوئو ں پر مشتمل گروپ نے 31جنوری کو رات کی تاریکی میں سرحد عبور کرنے کی کوشش کی تاہم فوج نے ان کی اس کوشش کو ناکام بنادیا ۔فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ 31جنوری کو کرناہ سیکٹر کے کلان پوسٹ پر تعینات فوجی اہلکارو ں نے 3سے4جنگجوئو ں پر مشتمل ایک گروپ کو مشکوک حالت میں دیکھا جس کے بعد فوج نے اپنے مورچے سنبھالے ۔فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگجوئو ں نے سرحد عبور کرنے کی کوشش کے دوران فوج پر فائرنگ کی جس کے بعد فوج نے بھی جوابی کاروائی کے دوران گولیا ں چلائیں ۔فوج نے دعویٰ کیا کہ طرفین کے درمیان بھاری فائرنگ کے تبادلہ کے بعد رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر ان جنگجو کو حد متارکہ کے اس پار دیکھا گیاجو سرحد عبور کرنے کی کوشش کرتے تھے ۔فوج نے فوری طور اس علاقہ کو گھیرے میں لیکر تلاشی کاروائی شروع کی ۔اس دوران پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے ایل او سی پر گولہ باری کرنے کے نتیجے میں 4خواتین سمیت اس پار کے8شہری زخمی ہوگئے ہیں