سرینگر//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے آج حج 2018 کے سلسلے میں ریاستی حج کمیٹی کی طرف سے کئے گئے انتظامات کا ایک میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔مشیر موصوف نے حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر سید قمر سجاد کو عازمین کی روانگی سے پہلے تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اِس دوران ایگزیکٹیو آفیسر نے مُشیر کو جانکاری دی کہ عازمین کرام کی سرینگر ایمبارکیشن پوائنٹ سے روانگی رواں مہینے کی 14تاریخ سے 25 تاریخ تک ہوگی اور روزانہ بنیاد پر 820 عازمین کرام چار پروازوں کے ذریعے سرینگر ہوائی اڈے سے مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوں گے ۔ اس طرح سے اِس سال ریاست سے کُل 10,183عازمین کرام سفر محمود پر جائیں گے اور اُن کے ساتھ 50خدام الحجاج بھی روانہ ہورہے ہیں۔جائزہ میٹنگ کے دوران خورشید احمد گنائی کو بتایا گیا کہ عازمین کرام کو بیت الحجاج بمنہ سے ائیر پورٹ لے جانے کے لئے ٹرانسپورٹ کے معقول انتظامات کئے گئے ہیں۔ مشیر کو جانکاری دی گئی کہ اس سال دلی امبارکیشن مرکز سے ریاست کے 569 عازمین 14؍ جولائی سے 28؍جولائی تک روانہ ہوں گے جبکہ سرینگر امبارکیشن مرکز سے 9,614 عازمین روانہ ہورہے ہیں۔میٹنگ کے دوران ایگریکٹیو آفیسر نے مشیر کو بتایا کہ عازمین کرام کی رہنمائی اور سہولیت کے لئے اِس سال ریاستی حج کمیٹی نے اُنہیں پمفلٹ اور گائیڈس فراہم کئے ہیں۔ انہوں نے جانکاری دی کہ بیت الحجاج میں عازمین کرام کے قیام کے لئے بھی معقول انتظامات کئے گئے ہیں۔میٹنگ کے دوران حج 2018 کے سلسلے میں لئے گئے فیصلوں کی عمل آوری کا بھی تفصیلاً جائزہ لیا گیا جس دوران گورنر کے مُشیر نے حج 2018 کے سلسلے میں تمام متعلقہ محکموں کو اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دینے کی ہدایت دی۔ میٹنگ میں ریاستی حج کمیٹی کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔