عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//حج 2027 کے درخواست فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 جولائی مقرر کی گئی ہے، جموں و کشمیر سے اب تک کل 2300 خواہشمندوں نے اپنی درخواستیں جمع کرائی ہیں۔جموں و کشمیر حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شجاعت احمد قریشی کے ذریعہ جاری کردہ ایک باضابطہ نوٹیفکیشن نے 22 جون 2026 سے حج 2027 (1448 ہجری)کے خواہشمند عازمین سے آن لائن درخواستیں طلب کیں۔
اہل خواہشمندوں سے درخواست کی گئی ’’ وہ رجسٹریشن کا عمل مکمل کر لیں، 20جولائی آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے، اپنی درخواستیں جمع کرانے سے پہلے حج پالیسی اور حج 2027 کے رہنما خطوط کو حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ پر اچھی طرح سے پڑھیں‘‘۔حج کمیٹی حکام کا کہنا ہے کہ اب تک کل 2,300 خواہشمندوں نے اپنی درخواستیں جمع کرائی ہیں، جو گزشتہ سال کے کل خواہشمندوں کے مقابلے میں کمی کی نشاندہی کرتی ہے۔، اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ جموں و کشمیر سے 2026 میں کل 4717 عازمین حج ادا کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعداد میں پچھلے سال کے مقابلے میں کم اضافہ ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہندوستان بھر سے اب تک کل 1.5 لاکھ خواہشمندوں نے حج 2027 کے لیے اپنی درخواستیں جمع کرائی ہیں، ۔نوٹیفکیشن کے مطابق، درخواست دہندگان کے پاس مشین سے پڑھنے کے قابل بین الاقوامی پاسپورٹ ہونا چاہیے جو درخواست کی آخری تاریخ کو یا اس سے پہلے جاری کیا گیا ہو۔ آن لائن درخواست بھرتے وقت انہیں پاسپورٹ کے پہلے اور آخری صفحات کی اسکین شدہ کاپی، ایک حالیہ پاسپورٹ سائز کی تصویر، ایک بینک پاس بک یا منسوخ شدہ چیک، اور پتے کا ثبوت بھی اپ لوڈ کرنا ہوگا۔ حج کمیٹی نے تمام عازمین عازمین سے اپیل کی کہ وہ آخری تاریخ سے پہلے درخواست کا عمل مکمل کرلیں۔مرکزی حکومت نے 22 جون کو حج 2027 پالیسی کی نقاب کشائی کی، جس میں مصنوعی ذہانت پر مبنی خدمات متعارف کرانے اور حجاج کی مدد میں اضافہ کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی۔