اشفاق سعید
سرینگر//جموں و کشمیر سے حج 2023 کیلئے منتخب والے عازمین جون 2023 کے پہلے ہفتے سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہوں گے۔واضح رہے کہ مارچ 2023 میں قرعہ اندازی کے مطابق جموں و کشمیر سے تقریباً 11459افراد اس سال حج کی سعادت حاصل کرنے جا رہے ہیں۔ایگزیکٹو آفیسر جے اینڈ کے حج کمیٹی عبدالسلام میر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دو روز قبل عازمین کا ویٹنگ لسٹ بھی نکلا ہے اور مزید 1083منتخب کئے گئے۔انکا کہنا تھا کہ تاہم پہلے لسٹ میں 750عازمین ڈراپ ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک اگرچہ صحیح تاریخوں کو حتمی شکل نہیں دی گئی تاہم غالب امکان ہے کہ عازمین حج جون کے پہلے ہفتے سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہونا شروع کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ یکم جون سے ممکنہ طور پر پروازوں کا شیڈول ہوگا اور 20مئی کے بعد شیڈول مشتہر کیا جائیگا اور امسال عازمین براہ راست جدہ روانہ ہونگے۔قبل ازیں میر نے بتایا تھا کہ حج 2023 کے لیے کل 14271 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔”پہلی بار بغیر محرم کے خواتین کو حج پر جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ اس سال محرم کے بغیر 132 خواتین درخواست گزاروں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ میر نے کہا کہ 70 سال سے زیادہ عمر کے 1320 افراد کو بھی ریزرو کیٹیگری کے تحت منتخب کیا گیا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے 2020 اور 2021 میں کووڈ وبائی امراض کے پیش نظر 70 سال سے زائد عمر کے عازمین حج پر پابندی عائد کر دی تھی۔تاہم سعودی حکومت نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ 70 سال سے زائد عمر کے عازمین کو ترجیح دی جائے گی اور پہلی بار سعودی حکومت نے بغیر محرم کے خواتین کو بھی حج کا مقدس فریضہ ادا کرنے کی اجازت دی۔