نئی دہلی//اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا ہے کہ حج 2021 کورونا کی وبا کے پیش نظر قومی – بین الاقوامی پروٹوکول کے رہنما ہدایات پر منحصر ہوگا۔
پیر کو حج 2021 کے سلسلہ میں جائزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے نقوی نے کہا کہ حج- 2021 جون جولائی کے مہینے میں ہونا ہے لیکن کوروناوائرس اور اس کے اثرات اور سعودی عرب اور حکومت ہند کے عوام کی صحت کا مکمل جائزہ لینے اور رہنما ہدایات کی بنیاد پر حج 2021 کا حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی آف انڈیا ، دیگر ہندوستانی ایجنسیاں جلد ہی 2021 میں حج کے لئے درخواستیں حاصل کرنے اور دیگر تیاریاںشروع کریں گے۔ حج- 2021 کی درخواست اور دیگر کارروائیوں کے سلسلہ میں سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے رہنما ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے حج انتظامات میں بڑے پیمانے پر تبدیلی کی جاسکتی ہے۔ ان میں ہندوستان اور سعودی عرب میں رہائش ، ٹریفک ، صحت اور دیگر انتظامات شامل ہیں۔