نئی دہلی؍ سعودی عرب کی طرف سے ہندوستان سے حج پر جانے والے عازمیں کے کوٹے میں اضافہ کئے جانے کا تقریباً تمام ریاستوں کو فائدہ پہنچا ہے اور ریاستوں سے اس سال جانے والے عازمین حج کے کوٹہ میں بڑااضافہ کر دیا گیا ہے۔ حج کوٹے میں اضافے سے متعلق مختلف ریاستوں کو 9 مارچ 2017 کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ 14 مارچ سے قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین حج کے انتخاب کا عمل شروع ہو جائے گا۔خیال رہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے حج 2017 کے لئے ہندوستان کے کوٹے میں 34،005 کا اضافہ کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں اس سال 11 جنوری کو سعودی عرب کے جدہ میں مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور (آزادانہ چارج) و پارلیمانی امور مختار عباس نقوی اور سعودی عرب کے حج اور عمرہ سے متعلق وزیر ڈاکٹر محمد صالح بن طایر نے دو معاہدوں پر دستخط کئے تھے۔کئی سال کے بعد ہندوستانی عازمیں حج کے کوٹے میں اتنا بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔ حج 2016 میں پورے ہندوستان کے 21 مراکز سے تقریباً 99،903 عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعہ حج کی سعادت حاصل کی جبکہ تقریباً 36 ہزار حاجیوں نے پرائیویٹ ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج کی ادا کیا۔