عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// حج کمیٹی آف انڈیا نے حج2026 کے حج درخواست فارم کے آن لائن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں7 اگست تک توسیع کر دی ہے۔ حج کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی صورت میں مزید توسیع نہیں دی جائے گی۔وجے واڑہ کو حج پروازوں کیلئے ایک اور مقام کے طور پر شامل کیا گیا ہے، جس سے ان مقامات کی کل تعداد18 ہوگئی ہے۔ یہ تبدیلی 30 جولائی2025 سے لاگو ہوگی۔حج کمیٹی آف انڈیا کے جاری کردہ سرکیولر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ قرعہ اندازی کا عمل درخواست ونڈو کے بند ہونے کے فوراً بعد ہوگا۔ عارضی طور پر منتخب تمام عازمین کو20 اگست 2025 تک ایک لاکھ52ہزار300 روپے کی ایڈوانس حج رقم ادا کرنے کی ضرورت ہوگی۔ حج کمیٹی آف انڈیا نے تمام ریاستی اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی حج کمیٹیوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس معلومات کو وسیع پیمانے پر پھیلا دیں تاکہ زیادہ سے زیادہ رسائی اور تعمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔