سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے حج اور عمرہ کے لئے پرائیوٹ اوپریٹرس پر وضح کردہ رہنما خطوط اورقواعد وضوابط پر من وعن عملدر آمد کرنے پر زوردیا ہے تاکہ عمر ہ کیلئے جانے والے زائرین اورعام لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات پہنچیں ۔صوبائی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار جموں وکشمیر ایسوسی ایشن آ ف حج اینڈ عمرہ کمپنیوں کے ممبران کے ساتھ بات چیت کے دوران کیا۔اس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے کہا کہ کمپنیاں انتہائی اہم ذمہ داریاں سنبھال رہی ہیں اورلازم ہے کہ وہ عمرہ اورحج ادائیگی کے دوران لوگوں کو بہتر خدمات میسر رکھیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنی خدمات پیش کرنے کے دوران شفافیت اورجوابدہی کا خاص خیال رکھیں تاہم دھوکہ دہی کی کوششوں میں ملوث عناصر کو روکا جاسکے۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ سرکار عمرہ زائرین کے لئے سرینگر ہوائی اڈے پر جگہ فراہم کرنے کی کوشش کے علاوہ شیخ العالمؒ بین الاقوامی اڈے سے ہفتے میں ایک بار بین الاقوامی ہوائی اڑان کے لئے اقدامات کرے گی ۔صدر ایسوسی ایشن فیروز احمد نے کہا کہ پرائیوٹ حج اور عمرہ خدمات شعبے کو زبردست فروغ حاصل ہورہا ہے اورگذشتہ سال ہی 14000سے15000ہزار زائرین عمرہ کیلئے روانہ ہوگئے۔انہوںنے کہا کہ پرائیوٹ اوپریٹرس کے ذریعے2000زائرین حج ادائیگی کے لئے روانہ ہوئے۔اس وقت اس سے 80کمپنیاں وابستہ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس شعبے سے کافی لوگوں کو روزگار میسر ہورہا ہے۔اس موقعہ پر ڈی آئی جی سینٹرل غلام حسن بٹ نے کہا کہ پولیس پرائیوٹ اوپریٹرس کے مسائل حل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔