یو این آئی
سرینگر//فریضۂ حج کی ادائیگی کے بعد جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے حجاج کی وطن واپسی کا سلسلہ آج (منگل) سے شروع ہو رہا ہے ۔ پہلا قافلہ جو 4مئی کو سرینگر سے روانہ ہوا تھا، آج شام جدہ سے واپس سرینگر ایئرپورٹ پہنچے گا۔جموں و کشمیر حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شجاعت احمد قریشی نے بتایا کہ پہلے قافلے میں شامل 178عازمین کی فلائٹ شام ساڑھے آٹھ بجے (8:30)سرینگر ایئرپورٹ پر پہنچے گی ۔ امیگریشن اور دیگر کارروائیوں میں تقریباً ایک گھنٹہ صرف ہوگا، اسلئے رشتہ داروں سے گزارش ہے کہ وہ رات نو سے ساڑھے نو بجے کے درمیان ایئرپورٹ پہنچیں تاکہ حاجیوں کا استقبال بروقت اور باعزت انداز میں کیا جا سکے ۔ڈاکٹر قریشی کے مطابق، پہلے قافلے کے بعد کچھ دنوں تک حج پروازیں معطل رہیں گی جس کے نتیجے میں دوسرا قافلہ 26جون کو سرینگر واپس آنے کی توقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سال کا حج الحمداللہ بہت اچھا اور منظم رہا۔ تمام حاجی حضرات خیریت سے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حج کمیٹی، ایئرپورٹ حکام اور ضلعی انتظامیہ نے واپسی کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں تاکہ حاجیوں اور ان کے رشتہ داروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔