سرینگر //فریضہ حج کی ادائیگی کے بعد 960حجاج پر مشتمل پہلاقافلہ 5پروازوں کے ذریعے منگل کو سرینگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر وارد ہوا ،جہاں انتظامیہ کے اعلیٰ حکام نے ان کااستقبال کیا ۔انتظامیہ کے اعلیٰ افسران نے تمام حجاج کو فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے مبارکباد پیش کی ۔ منگل کی صبح پہلی انڈین ائیر لائینز پرواز کے ذریعے310 حاجیوں پر مشتمل پہلا قافلہ جدہ سے سرینگر پہنچا۔ حاجیوں کا استقبال ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، انسپکٹر جنرل آف پولیس ایس پی پانی ، ڈی سی بڈگام ڈاکٹر سہرش، آئی جی پی ٹریفک بسنت رتھ نے کیا۔اس دوران ہوائی اڈے پرحجاج کااستقبال کرنے کیلئے اہل خانہ کی ایک بڑی تعدادصبح سے ہی موجودتھی ۔ جونہی حجاج کرام کولیکرخصوصی جہازسری نگرہوائی اڈے پراُتراتو سفیدملبوسات زیب تن کئے مردوزن حجاج نے منتظراہل خانہ کودیکھ کرخوشی کااظہارکیا۔انتظامیہ کی جانب سے حجاج کرآم کو اْن کی منزلوں تک پہنچانے کیلئے تمام انتظامات کئے گئے تھے۔ حج آفیسرنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پہلا قافلہ سرینگر روانہ ہونے کے بعد 650حجاج کرام کا دوسرا قافلہ بھی منگل کو شام دیر گئے وادی وارد ہوا ہے اور اس طرح پانچ پروازوں کے ذریعے 960حجاج کرام اپنی منزلوں کو پہنچ چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حاجیوں کیلئے حج ہاوس بمنہ میں تمام انتظامات رکھے گئے ہیں جبکہ ٹی آر سی کی گاڑیوں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سال ریاست کے مختلف علاقوں سے 10ہزار 1سو73 حجاج کرام نے فریضہ حج ادا کیا ہے جبکہ ریاست سے تعلق رکھنے والے 8حجاج کرام سودی عرب میں لقمہ اجل بن گے تھے۔ معلوم رہے کہ اس سال عازمین حج کاپہلاقافلہ 14جولائی کوسری نگرسے مدینہ منورہ روانہ ہواتھاجبکہ آخری قافلہ 25جولائی کوروانہ ہواتھا۔انہوں نے کہاکہ اب روزانہ کی بنیادپرحجاج کرام کی وطن واپسی کاسلسلہ جاری رہے گا،اورحجاج کاآخری قافلہ ماہ ستمبر کی 5یا7تاریخ کوسری نگرپہنچے گا۔