سرینگر// اتوار کو شہر کے حبہ کدل علاقے میں گھر گھر تلاشیاں لی گئیں۔حبہ کدل اور اس کے نواحی علاقوں چنکرال محلہ،پوج محلہ،برئے کجن اور میر بل علاقوں میں اتوار علی الصبح فورسز اور سپشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے محاصرہ کر کے گھر گھر تلا شیاں لیں۔اس موقعہ پر سخت سردی میں مکینوں کو گھروں سے باہر نکالا گیا،اور اپنے صحنوں میں جمع کر کے ان سے پوچھ تاچھ کی گئی۔ مکینوں کے شناختی کارڑوں کی بھی باریک بینی سے جانچ کی گئی۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ انکے موبائل فون بھی دیکھے گئے اور ان میںموجود تفصیلات،تصاویر اور دیگر معلومات کو بھی کھنگالا گیا۔ تاہم بعد میں فورسز اور پولیس اہلکار علاقے سے چلے گئے جبکہ کسی بھی شہری کی گرفتاری کی کوئی بھی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔سی آر پی ایف کے ترجمان راجیش یادو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ26جنوری سے قبل ہمیشہ اس طرح کی کارروائیاں معمول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگجوئوں کی نقل و حرکت کے بارے میں اطلاعات اور علاقوں پر نظر گزر رکھنے کیلئے اس طرح کی کارروائی کوئی نئی بات نہیں ہے۔