سرینگر // حبہ کدل کی خستہ حال سڑکیں مقامی آبادی کیلئے وبال جان بنی ہوئی ہیںجبکہ نٹی پورہ نوگام روڈ پر جگہ جگہ کھڈے پیدا ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔حبہ کدل کے غدود باغ ،چنکرال محلہ ،آغا حمام کے لوگوں نے بتایا کہ حبہ کدل علاقہ میں سڑکیں پہلے سے ہی خراب حالت میں تھیں اور اب حالیہ برف باری اور بارشوں کی وجہ سے علاقہ میںسڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہوئی ہے۔اْن کا کہنا تھا کہ یہ سڑکیں معمولی بارشوں کے بعد ہی تالابوں کا منظر پیش کرنے لگتی ہیںجس کے نتیجے میں گاڑیوں کے ساتھ ساتھ پیدل چلنے والوں کا عبور و مرور تقریباً نا ممکن بن جاتا ہے۔مقامی آبادی کے ساتھ ساتھ مقامی تاجروں نے سرکار سے مانگ کی ہے کہ سڑکوں کی مرمت کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ادھر نٹی پورہ سے نوگام تک سڑک کی حالت ناگفتہ بہہ ہے جس کے نتیجے میںلوگوں کو چلنے پھرنے میں سخت مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہاہے۔مقامی لوگوںکا کہنا ہے کہ نٹی پورہ ،نائیک باغ،بڈشاہ نگر ،محبوب کالونی اور نوگام میں سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈبن گئے ہیں جس کی وجہ سے گاڑیوں اور راہگیروں کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوںنے بتایا کہ سڑکوں پر جگہ جگہ کھڈ بن گئے ہیں جن میں بارش کا پانی جمع ہوجاتا ہے اور جب گاڑیاں چلتی ہیں تو سڑک کے کنارے چلنے والے راہگیروں کے کپڑے کیچڑ لگنے سے خراب ہوجاتے ہیں۔مقامی باشندگان کا الزام ہے کہ اس اہم روڈ کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے اور گذشتہ کئی برسوں سے لوگ سڑک کی تعمیر و تجدید کی مانگ کررہے ہیں ۔