حبوبہ مفتی کا پلوامہ میں عوامی دربار

Kashmir Uzma News Desk
5 Min Read
پلوامہ//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے حکمرانی کے عمل کو لوگوں کی دہلیز تک پہنچاتے ہوئے اتوار کو پلوامہ میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا۔ دربار کے دوران وزیر اعلیٰ نے لوگوں کے مسائل سُنے اور کئی معاملات کو فوری طور سے حل کرنے کے لئے موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں۔ اپنی نوعیت کے اس منفرد پروگرام میں محبوبہ مفتی نے پلوامہ اور شوپیاں اضلاع میں ترقیاتی سرگرمیوں کے بارے میں بذات خود موقعہ پر ہی جانکاری حاصل کی اور اس دوران لوگوں نے اپنے اپنے معاملات اور مسائل وزیر اعلیٰ کی نوٹس میں لائے۔ وزیر اعلیٰ نے شام دیر گئے تک لگ بھگ 100 وفود کے معاملات سُنے۔یہ وفود ان دو اضلاع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے تھے جنہوں نے سڑک رابطوں، پینے کے پانی، دیہات کی حد بندی میں معقولیت لانے، صحت، تعلیم، سیاحت اور دیگر اہم شعبوں سے منسلک معاملات وزیر اعلیٰ کی نوٹس میں لائے۔ ترال علاقہ کے کئی وفود جنہوں نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کی ، نے علاقہ میں ترقیاتی سرگرمیوں کو دوام بخشنے کے لئے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور ترال قصبہ میں ترقیاتی عمل کی نگرانی کے لئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کا عہدہ وجود میں لانے کے لئے بھی اُن کی ستائش کی۔  ان وفود نے خانقاہ فیض پناہ کے بحالیاتی کام میں سرعت لانے، ترال۔ نودل اور ترال۔ دادسر اور وہاب صاحب سڑکوں کو مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ علاقہ میں بجلی، صحت اور تعلیمی سہولیات میں بہتری لانے کے معاملات بھی اجاگر کئے۔ انہوں نے آری ہل کو پسماندہ علاقہ قرار دینے کا بھی مطالبہ کیا۔ پلوامہ ضلع کے مختلف علاقوں کے وفود نے گانگو ہانجی کھلو سڑک پر تار کول بچھانے، گانگو پُل تعمیر کرنے، صحت  مراکز میں خالی اسامیاں پُر کرنے، نائینا ہسپتال کو بڑھاوا دینے، چکورہ۔ نیلورہ اور چکورہ۔ ملنگ پورہ سڑکوں میں بہتری لانا، گروا بتنی گاؤں میں بجلی کا نظام بہتر بنانے، راج پورہ کے صحت مراکز میں طبی عملہ کی دستیابی، کاکہ پورہ کے کوہلوں سے ناجائیز قبضہ ہٹانا، چند گام کو پسماندہ علاقہ قرار دینا، لاجورہ گاؤں میں پُل تعمیر کرنا، ڈوگری پورہ اور ریشی پورہ میں پانی کی قلت کو دور کرنا، نِکُس میں پارک تعمیر کرنا، ٹہب گاؤں میں سکولوں کو بڑھاوا دینا جیسے معاملات وزیر اعلیٰ کی نوٹس میں لائے۔پلوامہ کی سول سوسائٹی کے ایک وفد نے ضلع ہسپتال میں سہولیات کی بہتری، خواتین مسافروں میں اعتماد کو بڑھاوا دینے کے لئے ریلوے سٹیشنوں پر زنانہ پولیس کی تعیناتی اور قصبہ میں ایک کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا۔شوپیاں ضلع کے وفود نے بجبہاڑہ۔ شوپیاں سڑک پر کام جلد از جلد شروع کرنے، وچی میں پی ایچ ای سب ڈویثرن قائم کرنا، زینہ پورہ میں کھیل کے میدان کی تعمیر، مقامی زیارت کو بلا خلل بجلی فراہم کرنا، نادی گام، زاؤرہ کریوہ ، کاپرن اور گتھی پورہ میں طبی سہولیات میں بہتری لانا، کیلر۔ دونارو، شوپیاں۔ کیلر، پنزگام۔ ریشی پورہ سڑکوں کو بڑھاوا دینے کے ساتھ ساتھ قصبہ میں سیاحتی سہولیات کو فروغ دینے جیسے معاملات محبوبہ مفتی کی نوٹس میں لائے۔وزیر اعلیٰ نے لوگوں کے مسائل غور سے سُنے اور کئی مسائل کو موقعہ پر ہی حل کرنے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کی جانب سے اُبھارے گئے مسائل پر مرحلہ وار طریقے سے ہمدردانہ غور کریں۔ جنگلات کے وزیر مملکت میر ظہور احمد ، ایم ایل اے پلوامہ محمد خلیل بند، ایم ایل اے وچی اعجاز احمد میر، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری روہت کنسل، ڈویثرنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان، ڈپٹی کمشنر جی ایم ڈار کے علاوہ مختلف محکموں کے سربراہاں بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *