ترانہ/عظمیٰ نیوزڈیسک/مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال کے حوالے سے نقصان اور فوائد کی بحث کے درمیان البانیہ نے اے آئی وزیر بناکر مصنوعی ذہانت کی دنیا میں کھلبلی مچانے کے بعد اب ایک اور چونکانے والی خبر دی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ البانیہ کی اے آئی وزیر ڈیلا حاملہ ہیں۔ ’ڈیلا‘ مصنوعی ذہانت پر مبنی دنیا کی پہلی وزیر ہیں جو اس بار’حاملہ‘ ہیں اور 83 ’بچوں‘ کو جنم دینے والی ہیں۔ یہ اعلان خود البانیہ کے وزیر اعظم ایڈی راما نے کیا۔ یعنی کہ انہوں نے ایک روبوٹ کے حاملہ ہونے کااعلان کیا ہے۔ جرمنی کے شہر برلن میں منعقدہ گلوبل ڈائیلاگ کانفرنس کے دوران البانیہ کے وزیر اعظم نے اس اعلان سے وہاں موجود سبھی کو حیران کر دیا۔ حالانکہ اے آئی وزیر کے حمل کا مطلب مختلف ہے۔’ڈیلا‘ جس کا مطلب البانی زبان میں سورج ہوتا ہے، البانیہ کی ’اسٹیٹ منسٹر فارآرٹیفشیل انٹیلی جنس‘ ہے، جو مکمل طور پر اے آئی پر مبنی ہے۔ وہ دنیا کی پہلی اے آئی سے تیار شدہ حکومتی وزیر ہیں۔ انہیں روایتی البانوی لباس میں ایک خاتون کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ یعنی کہ وہ اے آئی پرمبنی ایک روبوٹ ہیں اور البانوی حکومت نے انہیں وزیر کے طور پر مقرر کیا ہے۔وزیر اعظم ایڈی راما نے برلن میں گلوبل ڈائیلاگ اجلاس میں کہا کہ آج ہم نے ڈیلا کے ساتھ بڑا خطرہ مول لیا اور ہم نے بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، یہی وجہ ہے کہ ڈیلا پہلی بار حاملہ ہیں اور ان کے ساتھ 83 بچے ہیں۔ دراصل وزیر اعظم ایڈی راما جسے ’83 بچے‘ کہہ رہے ہیں وہ 83 نئے اے آئی معاونین ہیں۔ یہ اے آئی معاونین حکمران سوشلسٹ پارٹی کے ہر رکن پارلیمان کے لیے 1-1 بنائے جائیں گے۔ وزیراعظم ایڈی راما نے کہا کہ یہ اے آئی معاونین، یعنی ’بچے‘ پارلیمنٹ میں ہونے والی ہر بات کو ریکارڈ کریں گے اور نمائندوں کو ان
مباحثوں یا پروگراموں کے بارے میں مطلع کریں گے جو ان سے چھوٹ گئے ہیں۔یہ اے آئی بچے پارلیمانی اجلاس میں شرکت کریں گے، تمام مباحثوں اور باتوں کو ریکارڈ کریں گے اور اپنے باس کو مشورہ دیں گے کہ کون سے مسائل پر جوابی حملہ کرنا ہے۔ یہ معاونین 2026 کے آخر تک مکمل طور پر فعال ہو جائیں گے اور ڈیلا کا ’علم‘ (ڈیٹا اور الگورتھم) ان میں منتقل کر دیا جائے گا۔ وزیراعظم راما نے یہ بھی بتایا کہ یہ اے آئی معاون کیسے کام کریں گے؟۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ کافی پینے کے لیے باہر جاتے ہیں اور کام پر واپس آنا بھول جاتے ہیں تو یہ ’بچہ‘ وہی کہے گا جو تب کہاگیا تھا جب آپ ہال میں نہیں تھے اوریہ بھی بتائے گا کہ آپ کو کس پر جوابی حملہ کرنا چاہئے۔ اگر آپ مجھے اگلی بار بلائیں گے تو آپ کے پاس ڈیلا کے بچوں کے لیے مزید 83 اسکرینیں ہوں گی۔’ڈیلا‘ کو ستمبر میں البانیہ کے عوامی خرید نظام کو مکمل طور پر شفاف اور بدعنوانی سے پاک بنانے کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔
حاملہ روبوٹ ،83 بچوں کی ماں | البانیہ کے وزیر اعظم کے اعلان سے لوگ حیران