پونچھ//ہند و پاک افواج کے درمیان حالیہ گولہ باری کے تبادلہ کی وجہ سے جہاں سرکاری املاک کو نقصان پہنچا وہی حد متارکہ کے قریبی گائوں دیگوار ،کھڑی ،کرماڑہ میں کچھ رہائشی مکانات گولہ باری کی زد میں آکر تباہ ہوئے ہیں۔اس دوران اگر چہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن ایک بزرگ اور ایک معصوم بچی کو گولیوں کے چھرے لگ جانے سے ان کو معمولی چوٹیں آئی ہیں ۔مقامی ذرائع نے بتایاکہ کرماڑا کے محمد شریف نامی شخص کے رہائشی مکان پر گولہ پڑا جو چھت کو چیرتا ہوا نیچے زیر زمین چلاگیا۔اسی گائوں کی نظیرہ بی بیوہ فیروز دین کے مکان کو بھی گولہ باری کی وجہ سے نقصان ہوا اوراس کی کچھ دیواریں بھی گرگئی ہیں۔مکان کے اند ررکھاہوا لگ بھگ پچاس ہزار روپے مالیت کا گھاس بھی جل گیا ۔اس کے علاوہ محمد بشیر کھوکھر اور تجمل حسین کے مکانات کی دیواروں کو بھی نقصان پہنچاہے۔گانگریس لیڈر محمد فضل بڈھانا نے کہا کہ حد متارکہ کے قریب آباد لوگوں کو اپنے ہی ملک میں خار دار تاروں کے پیچھے قید کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب بھی ہند وپاک افواج میں گولہ باری ہوتی ہے تومقامی لوگوں کو بلاجوازنشانہ بنایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ بار ہا سرکار سے اپیل کر چکے ہیں کہ حد متارکہ کے قریب رہنے والے لوگوںکے جان و مال کے تحفظ کا انتظام کیاجائے لیکن افسوس کہ ان کا پرسان حال کوئی نہیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک ان متاثرہ کنبوں کی ضلع انتظامیہ نے خبر نہیں لی۔انہوںنے ڈپٹی کمشنر پونچھ سے اپیل کی کہ اس سلسلے میںایک ٹیم تشکیل دے کر دیگوار،کھڑی، کرماڑہ،گلپور،اجوٹ علاقہ جات میںروانہ کی جائے جو نقصانات کا جائزہ لے ۔