فیاض بخاری
بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کی مشہور ایکو پارک میں رابطہ پل کو کئی روز قبل تیز آندھی کی وجہ سے کافی نقصان پہنچا جبکہ یہ پل پہلے ہی خستہ حالت میں تھا ۔قصبہ سے تقریباً 5کلو میٹر دور یہ ا یکو پارک خادنیار علاقے میںقومی شاہرہ پر وا قع ہے۔اس پارک میں سرکار نے رسیوں اور لکڑی سے ایک پل بھی بنایا تھا جو خادنیار کے لوگوں کے علاوہ سیاحوں کیلئے واحد راستہ ہے لیکن یہ پل کافی خستہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے سیاحوں اور مقامی لوگوں کو پل پار کرنے کے دوران خوف محسوس ہو تا ہے ۔لوگوں کا کہنا ہے کہ یہی نہیں بلکہ اس پل کو کئی روز قبل تیز ہوائوں کی وجہ سے بھی نقصان پہنچا ہے، اگر اس پل کو جلد ٹھیک نہیں کیا گیا تو یہ کبھی بھی لوگوں کیلئے خطرے کا باعث بن سکتاہے ۔ ایک مقامی شہری وسیم احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ پل لوگوں کیلئے وبال جان بن چکا ہے کیونکہ پل کے بیچوںبیچ بڑے بڑے سراخ بھی بن چکے ہیں تاہم ضلع انتظامیہ اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ اس معاملے میں لوگوں نے کئی بار متعلقہ افسران کوآگاہ کیا لیکن وہ اس کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہے ہیں ۔لوگوںنے وزیر علیٰ عمر عبداللہ سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔