حالہ سے ہورن دار سڑک کی تعمیر تعطیل کا شکار لوگوں نے متعلقہ حکام کے خلاف احتجاج کیا

 نواز رونیال

رامبن // ضلع رام بن کے کرول کمیت سڑک رابطے پر حالہ کے مقام پر مقامی لوگوں نے سڑک بند کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا۔لوگوں نے الزام عائد کیا کہ حالہ سے ہورن دار سڑک رابطے کا کام کافی مدت سے تعطیل کا شکار ہو چکا ہے جس کی وجہ سے ایک بڑی آبادی سڑک رابطے سے محروم ہے۔انہوں نے کہاکہ آزادی کے بعد پہلی بار محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے حالہ – ہورن سڑک رابطے کی تعمیر کا کام شروع ہونے سے مقامی عوام کو امید پیدا ہوگئی تھی کہ انہیں دہائیوںسے پیش آرہی مشکلات سے نجات ملے گی تاہم گزشتہ دن پولیس کی مداخلت کے بعد کام کو رودئیے جانے سے تنگ آکر مکینوں نے کرول کمیت سڑک رابطہ روک کر احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاج کے دوران مظاہرین نے حکومت و انتظامیہ سے گزارش کی کہ وہ ہالہ سے ہورن دار سڑک رابطے کی تعمیر کا کام جاری رکھنے اور اُسے مکمل کرنے میں عملی اقدامات اٹھائے تاکہ عام لوگوں کو بنیادی سہولیات میسر ہو سکیں ۔انہوں نے مقامی سیاسی لیڈروں کے خلاف بھی سخت نارضگی کا اظہار کیا اور الزام عائد کیا کہ سڑک رابطے کی تعمیر میں جان بوجھ کر خلل ڈالنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔