حالات کے متاثرین کو نہ بھولئے

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
رمضان المبارک کی رحمتیں اور برکتیں ملت اسلامیہ پر ا ُس وقت برس رہی ہیں جب عرب وعجم میں اُمت کا قافیۂ تنگ ہورہاہے ۔ کہیں دشمن کی طرف سے جنگ اور جارحیت کا سامنا ہے ، کہیں باہمی ٹکراؤ اور آپسی رسہ کشی سے ہماری ہو ااُکھڑ رہی ہیں۔کابل سے قطر تک اور سری نگر سے غزہ تک نگاہ ڈالئے تو یہ دیکھ کر دل میں ایک ہوک سی اُٹھتی ہے کہ مسلمان جابجا مصائب میں گرفتار اور تکالیف سے دوچار ہیں ۔ یہ صورت حال ہمارے اپنے کر توتوں کی سز ا بھی ہے اور صلیبی ، صیہونی اور ترشولی قوتوں کی اسلام دشمنی کا شاخسانہ بھی۔ اس جان لیوا صورت حال سے نکل باہر آنے کا واحد راستہ ہے رجوع الیٰ اللہ، اپنے کرداروگفتار کی اصلاح، اپنے ایمان واعمال کی دُرستگی۔ اس سلسلے میں صیام ایک بہترین وموثر ترین ذریعہ ہے ۔ یہ ہمیں نہ صرف اللہ سے اپنا رشتہ جوڑنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے بلکہ اللہ کے قہر کو امت کے سر سے ٹالنے کا سبب بھی بن سکتا ہے ، بشر طیکہ ہم اس کے تمام تر تقاضے پورے کریں،اس کی روح کو اپنے روح میں سمود یں۔ یہ مبارک مہینہ ہمیں اللہ کی رضا کے لئے حلال تک سے مقررہ اوقات میں راہبانہ اجتناب کر کے ضبط ِ نفس، خوف خدا اور محبت انسانیت کا حوصلہ دیتا ہے ۔اس ما ہ کی برکات سے مستفید ہونے کے لئے ہمیں روزہ داری، قرآن خوانی ، قیام ِ لیل یعنی تراویح کا اہتمام ہی نہیں کرنا ہے بلکہ مواخات اور مواسات کی شاہراہ پر بھی چلنا ہے۔ اس ضمن میں ہم کشمیرمیں ناگفتہ بہ حالات کے شکار یتیموں، بیواؤں ، معذوروں ، زخمیوں، اسیروں اور لٹے پٹے گھرانوں کی خبر گیری کریں تو صیام ہم سے خوش ہوگا اور ہم صیام سے خوش ہوں گے (ان شاء اللہ) ۔اس لئے اپنے گردونواح میں حالات کے متاثرین کو کبھی نہ بھولئے۔
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *