مینڈھر//سرحد پر کشیدہ حالات کے باعث گزشتہ کئی روز سے بند پڑے تعلیمی اداروں میں حالات ٹھیک رہنے کی صورت میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کا اعلان کیاگیاہے ۔ڈپٹی کمشنر پونچھ طارق زرگر نے بتایاکہ اگر سوموار صبح 9 بجے تک سرحدوں پر امن و امان کی فضا قائم رہی اور فائرنگ یا گولہ باری کا کوئی واقعہ پیش نہ آیاتو تمام سکول کھول دیئے جائیںگے ۔انہوںنے بتایاکہ گزشتہ دو دنوںسے سرحدوں پر امن قائم ہے جس کو دیکھتے ہوئے ہی یہ فیصلہ لیاجارہاہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ گرمائی تعطیلات کے بعد جہاں دیگر تعلیمی ادارے کھول دیئے گئے وہیں حد متارکہ کے قریب واقع تمام سکولوں کوہندوپاک سرحدی کشیدگی کی وجہ سے مسلسل بند رکھاگیا ۔اگرچہ گزشتہ ہفتے منگل کے روز ان سکولوں کو کھولنے کی کوشش کی گئی لیکن اسی روز شدید فائرنگ اور گولہ باری کے باعث انہیں فوری طور پر بند کرناپڑا۔خیال رہے کہ حالیہ کشیدگی کی وجہ سے جہاں کئی فوجی اور شہری ہلاکتیں ہوئی ہیں وہیں لوگوں کا مالی نقصان بھی ہواہے جبکہ بڑی تعداد میں لوگ نقل مکانی کرنے پر بھی مجبور ہوئے ہیں ۔فائرنگ اور گولہ باری سے پونچھ راولاکوٹ چلنے والی آرپار بس سروس اور تجارت بھی معطل ہوکر رہ گئی ہے اور پچھلے دو ہفتے سے نہ ہی کوئی گاڑی مسافروں کو لیکر سرحد کے آر پارہوئی اور نہ ہی کوئی ٹرک تجارتی مال لیکر آر پار گیا۔