مظفر آباد//جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید نے کہا ہے کہ وہ کشمیر کاز کیلئے پاکستان کے کونے کونے سے لوگوں کو اکٹھا کرکے کشمیریوں کی حصول آزادی کی جدو جہدمیں ہر ممکن مددکریں گے۔ جماعت الدعوہ کے سربراہ حافظ سعید جن کے سر پر 10ملین امریکی ڈالر کا انعام ہے ، کے گھر کے محاصرے کو پاکستانی حکومت نے ختم کرنے کا فیصلہ کیا ۔اس موقعہ پر اپنے حمائتوں کے جم غفیرسے جو اس کے گھر کے باہر جمع ہوئے تھے ،خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ، ”مجھے دس مہینوںتک صرف اس لئے گھر میں ہی مقید رکھا گیا تاکہ میں کشمیر کے بارے میں آواز بلند کرنے سے باز رہوں“ ۔انہوں نے کہا میںکشمیر کاز کیلئے لگاتار لڑتا رہوں گا ۔ اس کیلئے میں پاکستان کے کونے کونے سے لوگوں کو اکٹھا کروں گا اور ہم سب مل کر کشمیریوں کوحصول آزادی کی جدو جہد میں مدد کریں گے۔ سعید نے کہا کہ انہیں رواں سال کے ماہ جنوری میں کشمیریوں کے ساتھ ایک مہینہ بطور ہمدردی ویکجہتی منانے کے اعلان کی پاداش میں بند کیا گیا ۔ انہوں نے کہا ،”میں انتہائی خوش ہوں کہ میرے خلاف لگائے گئے الزامات بے بنیاد ثابت ہوئے جس کی بنا پر لاہور ہائی کورٹ کے تین ججوں نے میری رہائی کے احکامات صادر کئے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت حکومت نے میرے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے تھے۔سعید نے کہا کہ امریکہ نے بھارتی حکومت کی ایما پرپاکستان پر مجھے بند کرنے کا دباﺅ ڈالا۔دریں اثنا جماعت الدعوہ کے درجنوں کارکن سعید کی رہائی کا جشن منانے کیلئے اس کے گھرواقع جوہر ٹاﺅن لاہورکے باہر جمع ہوئے تھے۔ ان کارکنوں نے بھارت مخالف نعرے لگاتے ہوئے سعید کی رہائی کو کشمیریوں کیلئے ایک امید قرار دیا ۔ جماعت الدعوہ کے ترجمان احمد نادم نے کہا کہ ہم اپنے لیڈر کی رہائی پر بہت خوش ہیں ۔ ادھر حکومت کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سعید کو مزید بند نہ رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کو رہا کیا ہے ۔