اسلام آباد// امریکہ نے دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ کے سرغنہ اور ممبئی حملے کے ماسٹر مائنڈ حافظ سعید کی مبینہ سیاسی پارٹی 'مل¸ مسلم لیگ' ( ایم ایم ایل) کو دہشت گرد پارٹی قرار دیا ہے ۔ امریکہ نے یہ قدم ایسے وقت اٹھایا ہے جب پاکستان اس پارٹی کو سیاسی درجہ دینے کی کوشش میں لگا ہے ۔امریکہ لشکر طیبہ کو بہت پہلے ہی عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دے چکا ہے اور اس نے حافظ سعید کے سر پر ایک کروڑ امریکی ڈالر کا انعام بھی اعلان کر رکھا ہے ۔ ہندوستان نے امریکہ کے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے ۔ حافظ سعید کی سیاسی پارٹی ایم ایم ایل اس وقت سرخیوں میں آئی تھی جب اس نے ستمبر 2017 کے ضمنی انتخابات میں اپنے امیدوار کو انتخابی میدان میں اتارنے کی کوشش کی تھی۔ پناما پیپرس لیک معاملے میں سپریم کورٹ نے اس وقت کے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف کو معزول کر دیا تھا جس کے بعد خالی ہوئی سیٹ کے لئے ضمنی انتخابات میں ایم ایم ایل نے اپنا امیدوار کھڑا کرنے کی کوشش کی تھی۔ اکتوبر 2017 کو پاکستان الیکشن کمیشن نے ایم ایم ایل کو الیکشن لڑنے اجازت دینے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا تھا کہ اس کے رابطے دہشت گرد تنظیم سے ہیں اور یہ پارٹی الیکشن کمیشن کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہو سکتی ہے ۔
لیکن گزشتہ ماہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو ایم ایم ایل کو سیاسی پارٹی کے طورپر رجسٹر کرنے کا حکم دیا تھا۔