حارث رؤف انجری کا شکار | انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر

کراچی//انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد قومی ٹیم کو دوسرے میچ سے قبل بڑا دھچکا لگا ہے اور قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر حارث رؤف انجری کا شکار ہو کر ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے ذریعے ڈیبیو کرنے والے 29 سالہ حارث رؤف راولپنڈی ٹیسٹ کے پہلے روز فیلڈنگ کرتے ہوئے گیند پر گرنے کے باعث انجری کا شکار ہوئے تھے۔ان کی سیدھی ٹانگ میں کھنچاؤ پیدا ہوا تھا جس کے باعث وہ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں مزید باؤلنگ نہیں کرا سکے تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ میچ کے پہلے روز فیلڈنگ کے دوران گیند کے اوپر گرنے کے بعد فاسٹ باؤلر کا ایم آر آئی کرایا گیا۔پی سی بی کے طبی عملے کے اسکینز اور بعد ازاں تشخیص سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ فاسٹ باؤلر کو گریڈ ٹو کے تناؤ کا سامنا ہے، لہٰذا حارث اب نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں اپنی بحالی کا عمل شروع کرنے کے لیے لاہور جائیں گے۔واضح رہے کہ انگلینڈ نے 17 سال بعد پاکستان کی سرزمین پر دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے پہلے میچ میں قومی ٹیم کو 74 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی۔