بانڈی پورہ//حاجن ہلاکت کے بعد علاقے کے لوگوں نے قاتلوں کا پتہ لگانے اور انہیں سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔اس دوران جمعہ کی شام کو وائرل ہوئی آڈیو کلپ کے بعد لوگوں میں مختلف قسم کے خدشات نے جنم لیا ہے۔لشکر طیبہ کی جانب سے سماجی نیٹ ورک پر وائرل ہوئے آڈیو بیان میں قتل سے اظہار لا تعلقی کے بعد سنیچرکو قصبے میں مقامی لوگوں اور مقتول نوجوان کے رشتہ داروں نے سڑکوںپر نکل کر ہلاکت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کئے اور قاتلوں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔مقامی لوگوں نے پرنگ نامی گاﺅں میں جمع ہوکر ایک بڑے جلوس کی صورت میں احتجا ج کر کے نو جوان کے قتل میں ملوث افراد کا پتہ لگانے اور انہیں سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔اس دوران قصبے میں مکمل ہڑتال کی وجہ سے تمام طرح کے تجارتی، کاروباری اور تعلیمی ادارے بند رہنے کے علاوہ سرکاری دفاتر میں ملازمین کی حاضری کم رہی جبکہ سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب رہا ۔جلوس میں شامل لوگوں نے مختلف بازاروں سے گزرنے کے بعد پولیس تھانہ حاجن کے باہر دھرنا دیا جہاں احتجاجی لوگ وحشیانہ قتل میں ملوث افراد کا پتہ لگانے اور انہیں سخت سزا دینے کا مطالبہ کر رہے تھے۔قابل ذکر ہے کہ حاجن علاقے میں گزشتہ چند ماہ کے دوران نا معلوم نقاب پوشوں کی جانب سے اس طرح کے قتل کی وارداتوں میں پانچ افراد کو وحشیانہ طریقے سے قتل کیا گیا ہے جس کی وجہ سے مقامی آبادی میں زبردست خوف ودہشت کا ماحول پیدا ہوا ہے ۔ (مشمولات کے این ایس)