بانڈی پورہ //حاجن بانڈی پورہ کے ایک درجن سے زائدبستیوںمیں بدھ کو وسیع جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا گیا ۔کارروائی میں مجموعی طور پولیس، فوج اور 45بٹالین سی آر پی ایف کے سینکڑوں اہلکاروں حصہ لے رہے ہیں۔منگل اور بدھ کی درمیانی شب پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ، فوج کی13راشٹریہ رائفلز اور سی آر پی ایف سے وابستہ سینکڑوں اہلکاروں نے بیک وقت حاجن کے ایک درجن سے زائد بستیوں کو محاصرے میں لیا۔ نوے کی دہائی کے طرز پر اس کریک ڈائون کے دوران جن بستیوں کو گھیرے میں لیکر گھر گھر تلاشی شروع کی گئی،ان میںپرے محلہ، بونہ محلہ، ڈانگر محلہ، کوچک محلہ، وہاب پرے محلہ، کھوسہ محلہ ، میر محلہ اور دیگر ملحقہ بستیاں شامل ہیں۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ان میں سے کئی علاقوں کا اچانک محاصرہ بھی کیا گیا لیکن لوگوں نے گھروں سے باہر آکر فورسز پر پتھرائو کرکے انہیں واپس لوٹنے پر مجبور کردیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ پولیس نے ان علاقوں میں دوران شب ہی لائوڈ اسپیکروں کے ذریعے کریک ڈائون کا اعلان کیا اور لوگوں کو گھروں کے اندر ہی رہنے کا مشورہ دیا۔ ان علاقوں کی طرف جانے والے تمام راستے انتہائی سختی کے ساتھ سیل کردئے گئے۔ فورسز نے علاقے میں قائم میوہ باغات کو بھی کھنگالا۔پولیس نے بتایا کہ علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کے بارے میں اطلاعات ملنے کے بعد آپریشن شروع کیا گیاتھا ۔