بانڈی پورہ //حاجن بانڈی پورہ میں فورسزکو اُس وقت ٹیر گیس شلنگ کرنا پڑی جب انہوںنے جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر تلاشی کارروائی شروع کی اور مقامی لوگوں نے مزاحمت کرتے ہوئے ان پر شدید پتھرائو کیاجس دوران جنگجوفرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔ ایس او جی ،فوج کی13آر آر اور سی آر پی ایف سے وابستہ اہلکاروں نے بدھکی صبح11بجے حاجن کے ڈانگر محلہ اور نائد محلہ کو گھیرے میں لیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ فورسز کواپنے خفیہ ذرائع سے علاقے میں جنگجوئوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی ۔جونہی فورسز اہلکاروں نے جنگجوئوں کی تلاش میں گھر گھر تلاشی کا آغاز کیا تو سینکڑوں کی تعداد میں مردوزن گھروں سے باہر آکر احتجاج کرنے لگے ،انہوں نے فورسز کو تلاشی لینے سے روک دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے لوگوں کا ہجوم سڑکوں پر امڈ آیا۔ فورسز نے جب انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی تو لوگ مشتعل ہوئے اور انہوں نے بیک وقت کئی اطراف سے فورسز پر زبردست پتھرائو شروع کیا۔مظاہرین کو تتر بتر کرنے کیلئے پہلے لاٹھی چارج کیا گیا اور بعد میں اشک آور گیس کے گولے داغے گئے۔ پتھرائو، احتجاج اور افراتفری کے بیچ ہی جنگجوئوں کو فرار ہونے کا موقعہ فراہم ہوا اور وہ بھاگ جانے میں کامیاب ہوگئے ۔ ادھر سمبل میں طلبہ کی ایک جماعت گاڑی کے انتظار میں تھی۔ اس دوران فوج کی دو گاڑیاں وہاں سے گذری اورطلباء نے ہوٹنگ کی۔ فوجی اہلکار گاڑیوں سے نیچے آئے اوع انہوں نے طلباء کی شدید پٹائی کی ۔ چنانچہ طلباء کی ایک بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور انہوں نے فوج کے خلاف زبردست احتجاج کیا اور آزادی کے حق میں نعرہ بازی کی ۔