بانڈی پورہ // شاہ گنڈ حاجن میں بیوی نے خاوند کو بچانے کیلئے اپنی جان قربان کردی۔پولیس کے مطابق دو چاقو بردار نقاب پوش، جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ مشتبہ جنگجو ہیں، پی ڈی پی ورکر عبدالمجید ڈار ولد عبدالغفار ڈار کے گھر میں رات کے قریب گیارہ بجے داخل ہوئے اور اسے ڈھونڈنے کی کوشش کی۔وہ اسے اغوا کرنا چاہتے تھے۔پولیس کے مطابق اس دوران اسکی اہلیہ شکیلہ بانو نے مشتبہ افراد کی مزاحمت کی ۔ نقاب پوش افراد نے شکیلہ بانو کو دور رکھنے کیلئے اس پر چاقو سے وار کئے جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئی۔اسکا گلہ کاٹنے کی کوشش بھی کی اور بعد میں اسے نیم مردہ حالت میں چھوڑ کر فرار ہوئے۔مضروب خاتون کو پہلے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر حاجن پہنچایا گیا اس کے بعد اسے جے وی سی ریفر کیا گیا، تاہم زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے اسکی موت واقع ہوئی۔علاقے میں اس واقعہ سے خوف و دہشت کاماحول ہے ۔ رواں سال کے دوران حاجن اور ملحقہ علاقوں میں نامعلوم نقاب پوشوں کے ہاتھوں یہ پانچویں قتل کی واردات ہے۔