بانڈی پورہ// حاجن بانڈی پورہ میں محاصرے کے دوران جنگجوئوںنے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ کرکے فوج کے2 اہلکاروں کو شدید زخمی کردیا اور محاصرہ توڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کی22تاریخ کو بھی حاجن کی ہی ایک اور بستی میں کریک ڈائون کے دوران پر تشدد احتجاجی مظاہروں کے بیچ جنگجو بھاگ نکلے تھے۔ادھرپونچھ میں لائن آف کنٹرول پر ہند پاک افواج کے مابین گولی باری کے تازہ واقعہ میں ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا۔پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ اور فوج کی13آر آر سے وابستہ اہلکاروں نے جمعرات علی الصبح شاہ گنڈحاجن کے گلشن پور محلہ کو گھیرے میں لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ فورسز کو علاقے کے ایک رہائشی مکان میں کم از کم 3 غیر مقامی جنگجوئوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی۔ جونہی فورسز اہلکاروں نے جنگجوئوں کی تلاش میں بستی کو محاصرے میں لیا تو جنگجوئوں نے ان پر اندھا دھندگولیاں چلائیں ۔جنگجوئوں کے ابتدائی حملے میں فوج کے2اہلکار شدید زخمی ہوئے جن کی 13آر آر حاجن کیمپ سے وابستہ نائیک ہری سنگھ اور سپاہی گریش سنگھ کے بطور ہوئی ۔ان میں سے ایک اہلکار کی چھاتی میں گولی لگی ہے اور اس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔گولیوں کے مختصر تبادلے سے پوری علاقے میں سراسمیگی پھیل گئی اور اسی افراتفری کے بیچ ہی علاقے میں موجود جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ادھر پونچھ ضلع کے گول پور سیکٹر میں جمعرات کی صبح دونوں طرف کے فوجیوں نے ایک بار پھر ایک دوسرے پر اپنی بندوقوں کے دہانے کھول دئے۔ پاکستانی فوج نے کنٹرول لائن کے اُس پار سے صبح نو بجے بغیر کسی اشتعال کے بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے گولہ باری کا آغاز کیا۔سرحد پار کی فائرنگ سے ایک فوجی اہلکار کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔