بانڈی پورہ // حاجن میں محاصرے کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے کے بیچ2جنگجو فرار ہوئے جبکہ مظاہرین اور فورسز میں تصادم آرایہ بھی ہوئی۔ 13آر آر،جموں کشمیر پولس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف 45 ویںبٹالین نے کھوسہ محلہ حاجن میں جنگجوؤں کی موجودگی کے شُبہ میں محاصرہ کرکے تلاشی کارروائی شروع کی۔ ابھی فورسز اہلکار علاقہ کا محا صر ہ ہی کررہے تھے کہ وہا ں چھپے جنگجو ئوں نے ان پر زبردست فا ئر نگ کی ۔ فوج نے بھی مورچہ سنبھالتے ہوئے جوابی کارروائی کی اور طرفین کے مابین فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا۔ذرائع کے مطابق محاصرے میں پھنسے دو جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔اس دوران گائوں کا سخت ترین محاصرہ کیا گیااور تمام راستے سیل کردیئے گئے۔تلاشی کاروائیوں کا سلسلہ صبح ساڑھے سات بجے تک جاری رہا۔ادھر گائوں میں فائرنگ کے ساتھ ہی لوگ گھروں سے باہر آئے اوردیکھتے ہی دیکھتے سینکڑوں لوگوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کئے۔۔فورسز نے مظاہرین سے نپٹنا چاہا تاہم اُنہوں نے زبردست مزاحمت کرتے ہوئے شدید سنگباری شروع کردی جسکی وجہ سے فورسز کیلئے محاصرہ جاری رکھنا محال ہوگیا اور اسکے ساتھ ہی محاصرہ ختم ہوگیا۔