بانڈی پورہ//حاجن میں پتھرائو کے بعد فوجی اہلکاروں نے کہرام مچا دیا جسکے دوران مظاہرین پر پیلٹ اور گولیاں چلائیں گئیں جن میں 4 پیلٹ لگنے سے اور ایک کو گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔عینی شاہدین کے مطابق 13 آر آر کی گشتی پارٹی ڈانگر محلہ اورپرے محلہ سے گزررہی تھی تواس پر پتھرائوکیا گیا ۔جوابی کارروائی کے دوران فوج نے مشتعل ہوکر ٹیرگیس اور پیلٹ کی بوچھاڑ کی ، جس سے ان بستیوں میں جمع رکھی گئی 20گھاس کے ڈھیروں میں آگ لگ گئی۔اس دوران گائوں میں افراتفری مچ گئی اور فورسز نے آگ بجھانے کے لئے فائر بریگیڈ عملہ کو بھی اجازت نہیں دی۔ لوگ مشتعل ہوئے اور انہوں نے نہ صرف فوج پر شدید پتھرائو کیا بلکہ فائر اینڈ ایمرجنسی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا اور عملے کی بھی مارپیٹ کی۔اس کے بعد فوج نے پیلٹ کا بے تحاشا استعمال کیا اورایک نوجوان کو گولی بھی مار دی۔کیمونٹی ہیلتھ سنٹر حاجن کے مطابق اسپتال میں 5زخمیوں کو لایا گیا جن میں نعیم احمد میر، جو گھٹنے میں گولی لگنے سے زخمی ہوا تھا کو برزلہ منتقل کیا گیا۔مقامی لوگوں کے مطابق فوج نے گھروں میں گھس کر مکینوں کو مارپیٹ کی اور قیمتی اشیاء کو بھی اڑا لیا ۔ اسکے علاوہ پرے محلہ، بونہ محلہ اور کھوسہ محلہ میں گھروں کو توڑپھوڑ کی گئی اور کوآپریٹو سوسائٹی کو بھی لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔