بانڈی پورہ //حاجن بانڈی پورہ کے وہاب پرے محلہ اور کوچک محلہ میں جنگجوؤں اور فورسز کے درمیان فائرنگ کے دوران دو پولیس اہلکار اور ایک فوجی زخمی ہوا جبکہ جنگجو محاصرہ توڑ کر بھاگنے میں کامیاب ہوگئے ۔ اس دوران مقامی لوگوں نے گھروں سے باہر نکل کر محاصرے کی جگہ پہنچ کر زبردست احتجاج کرتے ہوئے سنگ باری کی۔ 13 آر آر فوج اور ایس او جی نے وہاب پرے محلہ اور کوچک محلہ کو صبح سویرے محاصرہ کر کے تلاشی شروع کی ۔ اس دوران جنگجوؤں نے فائر کھولا جس کے بعد طرفین کے مابین فائرنگ شروع ہوئی اور لگ بھگ ایک گھنٹے تک فائرنگ جاری رہی ، اس دوران دو پولیس اہلکاروں میں سے ایک کو باز اور ایک کو ٹانگ جبکہ فوجی اہلکار کو ہاتھ میں گولی لگی ۔تینوں کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا۔ انکی شناخت کانسٹبل مختار احمد ، کانسٹبل محمد اشرف اور سپاہی راج کمار کے بطور کی گئی۔ اس کے بعدمحاصرہ ختم کیا گیا ہے حاجن میں دکانیں بند اور آخری اطلاع ملنے پر احتجاج جاری تھا ۔