سرینگر //جے کے ہینڈ لوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن نے رواں مالی برس کیلئے 40 کروڑ روپے کے کاروبار کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ اس بات کا اظہار صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا کی صدارت میں منعقدہ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی 64 ویں میٹنگ میں کیا گیا ۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ مذکورہ ہدف گذشتہ مالی برس کے ہدف کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے ۔ گذشتہ برس کارپوریشن نے 13.94 کروڑ روپے کا ہدف مقرر کیا تھا ۔ اس سلسلے میں کارپوریشن کے منصوبوں کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ کارپوریشن نئے مارکیٹ تلاش کر رہی ہے تا کہ کم سے کم وقت میں معیاری اشیاء دستیاب کرائی جا سکیں ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ کارپوریشن نے پولیس محکمے کی جانب سے ملے 2.5 کروڑ روپے کے آرڈر کو ریکارڈ مدت میں پورا کیا ہے جس کے عوض کارپوریشن کو پولیس محکمہ کی سراہنا حاصل ہوئی ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ کارپوریشن نے شرائین بورڈ اور ڈیساسٹر منیجمنٹ کارپوریشن کے علاوہ دیگر کئی اداروں کے آرڈر حاصل کئے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ کارپوریشن نے ایک سو لاکھ میٹر اونی کپڑے بُننے کا ہدف مقرر کیا ہے جو پچھلے ہدف کے مقابلے میں دوگنا ہے ۔ میٹنگ میں ہینڈ لومز کی جدیدیت عمل میں لانے کی ضرورت محسوس کی گئی ۔ بورڈ ممبران نے کارپوریشن کو لومز کی ترقی اور فروغ کیلئے منصوبہ ترتیب دینے کی ہدایت دی ۔ میٹنگ کے دوران ریاست کے ہینڈ لوم کلسٹر ز کو کارپوریشن کے ساتھ جوڑنے کی ہدایت دی گئی ۔ میٹنگ کے دوران سانبہ میں کارپوریشن کے کار خانوں کی احیائے نو پر بھی غور و خوض کیا گیا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ کارپوریشن پشمینہ شال کے 600 قدیم ڈیزائین کو دوبارہ تیار کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور اب تک ایسے 250 ڈیزائین تیار کئے گئے ہیں ۔ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ کارپوریشن سیاحتی مقامات پر کانی شال بُننے کے یونٹ قایم کرنے کے اقدامات بھی کر رہی ہے ۔ میٹنگ کے دوران کارپوریشن کیلئے اگلے پانچ سال کے تجارتی منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ میٹنگ میں کارپوریشن کیلئے مزید سرمایہ کاری کی ضرورت بھی محسوس کی گئی تا ہم ممبران نے کہا کہ سرمایہ کاری کارپوریشن کی جانب سے ہی ہونی چاہئیے ۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ کے چئیر مین اور ریاستی وزیر چندر پرکاش گنگا نے کہا کہ کارپوریشن کے قیام کا مقصد ریاست سے باہر کشمیری مصنوعات کی فراہمی اور دستیابی ہے تا کہ لوگ اپنی ریاستوں میں کشمیر کی دستکاری اشیاء حاصل کر سکیں ۔ انہوں نے کشمیری مصنوعات اور دستکاری اشیاء کے معیار میں مزید بہتری لانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ میٹنگ میں بورڈ کے وائس چئیر مین نظام الدین بٹ ، کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت شلیندر کمار اور کارپوریشن کے ایم ڈی راکیش کمار کے علاوہ باقی دیگر ممبران بھی موجود تھے ۔