سرینگر//کووِڈ19- سے متاثر معیشت کو دوبارہ سے بحال کرنے کی غرض سے حال ہی میں مرکزی سرکار کی طرف سے اعلان کردہ "آتم نر بھر بھارت"اسکیم کی فوری عمل آوری کیلئے جموں و کشمیر بینک نے بینک شاخوں ہدایات جاری کی ہیں تاکہ گاہکوں کو اس اسکیم کا بھر پور فائدہ مل سکے۔ گارنٹیڈ ایمر جنسی کریڈٹ لائن (GECL) نامی اس اسکیم کے تحت ملک بھر میںMSME سمیت تمام کاروباریوں ،جو کو وِڈ۔19 سے متاثر ہیں کو 3لاکھ کروڑ روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی جس سے وہ اپنی کاروباری سرگرمیوں کو دوبارہ سے شروع کر سکیں۔ اس اسکیم کا حوالہ دیتے ہوئے بینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈایئریکٹر راجیش کمار چھبر نے کہا کہ ہم تمام مستحق گاہکوں کو فوری طور اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کی صلاح دے رہے ہیں کیونکہ یہ اسکیم زیادہ سے زیادہ 31اکتوبر2020تک یا تب تک ہی چلے گی جب تک یہ مخصوص3 لاکھ کروڑ کی رقم ختم ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بینک بحیثیت ایک مالی ادارہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ ہمیشہ کھڑی رہی ہے اور اس نے تمام مشکلات کا سامنا نہایت بہادری سے کیا ہے۔ موجودہ کورونا وباء میں ہم نے اپنے گاہکوں کیلئے کئی سود مند اقدامات کئے اور انہیں ہر ممکن تعاون پیشکش رکھا جس میں ہماری مخصوص کو وڈ ورکنگ کپیٹل ڈیمانڈ لون اسکیم (CWDL) قابل ذکر ہے۔ بینک کے سر براہ نے کہا کہ ہم نے تمام زونل اور کلسٹر آفسوں کو ہدایات دی رکھیں ہیں کہ وہ آتم نر بھر بھارت اسکیم کی افادیت کے بارے میں اپنے گاہکوں کو با خبر کریں۔ GECLایک گارنٹی مُکت اسکیم ہے جسے نیشنل کریڈٹ گارنٹی ٹرسٹ کمپنی کا تحفظ حاصل ہے اور بناء کسی ضمانت کے اس اسکیم کے تحت اس گاہک کو جسکا 25کروڑ روپے تک کا بقایاقرضہ اور ایک سو کروڑ روپے تک کا لین دین ہو ،کو نئی مالی معاونت ملے گی جو کہ زیادہ سے زیادہ 29فروری2020کو بقایا قرضے کا 20فی صد ہوگا۔ دریں اثناء موجودہ حالات میں کووِڈ19- کے پھیلاؤ کو روکنے اور عوام کو نزدیک تر بینکنگ سہولیات پہنچانے کی غرض سے جموں و کشمیر بینک نے کل باغوان پورہ لال بازار اور گوری پورہ صنعت نگر میں 2نئے اے ٹی ایم چالو کئے۔ زونل ہیڈ کشمیر سینٹرل وَن سید رئیس مقبول نے ان دو ٹیلر مشینوں کو عوام کے نام وقف کیا اور افتتاح کرتے ہوئے یہ امید جتائی کہ ان کے چالو ہونے سے متعلقہ آبادی کو کافی راحت محسوس ہوگی اور ہمارے گاہک سرکاری ہدایات کے مطابق سماجی دوری کو بنائے رکھتے ہوئے بہ آسانی اپنے بینک کھاتوں سے کیش نکال سکتے ہیں جس سے بینک شاخوں میں بھی عوامی رش کم ہوگا۔ ان دو نئے اے ٹی ایمز کے افتتاح کے موقع پر زونل ہیڈ کے ہمراہ کلسٹر ہیڈ فرحت حسین اور شبیر احمد بٹ بھی تھے۔ زونل ہیڈ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے باوجود ہم نے اپنے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبرکی ہدایات عمل کرتے ہوئے شہر سرینگر میںایک ساتھ دو ٹیلر مشینوں کو عوام کے نام وقف کیا تاکہ موجودہ تناؤ بھرے ماحول میں عوام کو سماجی دوری بنائے رکھنے میں مدد ملے اور وہ مناسب سماجی دوری رکھکر اپنے کھاتوں سے بہ آسانی رقومات نکال سکیں۔ مقامی لوگوں نے جموں و کشمیر بینک کی اس بر وقت پہل کو کافی سراہا اور بینک انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔