جموں//گورنر ستیہ پال ملک نے یہاں راج بھون میں جے کے بینک وال کیلنڈر اور ڈائری2019 ء کی رسم رونمائی انجام دی۔اس موقعہ پر گورنر کے مشیر کے کے شرما ، جموں وکشمیر بینک کے چیئرمین اور سی ای او پرویز احمد ، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری امنگ نرولہ ، پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کمار چودھری اور بینک کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔کیلنڈر ’’ پوشنگ دی لمٹس‘‘ موضوع پر مبنی ہے اور اس میں جموں ، کشمیر اور لداخ یعنی تینوں خطو ں کے ایڈونچر سیاحتی وسائل کی عکاسی کی گئی ہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر ستیہ پال ملک نے کہا کہ جموں وکشمیر بینک ریاست کا ایک اہم مالی ادارہ ہے اور یہ جموں وکشمیر کی اقتصادی ترقی بڑھاوا دینے میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بینک ترقی کی ایک جیتی جاگتی مثال ہے اور میں اس کے لئے بینک کے چیئرمین پرویز احمد اور ان کی ٹیم کی ستائش کرتا ہوں ۔ گورنر نے کہا کہ بینک نے سی ایس آر ذریعے کئی اقدامات کئے خاص طور سے بینک نے کھیل سرگرمیوں کو بڑھاواد ینے میں ایک قابل فخر کام انجام دیا جس کی بدولت ریاست کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ایک مثبت سمت دینے میں مدد ملی ہے ۔ گورنر نے جموں وکشمیر بینک کے تعاون والے فٹ بال کلب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کلب نے نہایت ہی قلیل مدت میں معیار کی بلندیوں کو چھوا اور وادی میں یہ کلب ہر ایک نوجوان کے زبان پر ہے ۔انہوں نے بینک سے درخواست کی کہ وہ اس طرح کے اقدامات مستقبل میں بھی جاری رکھیں۔لیہہ میں بینک کے آسان ادائیگی یونٹ پروجیکٹ کو تسلیم کرنے سے متعلق جانکاری ملنے کے بعد گورنر نے بینک کے عملے کی تعریف کی اور کہا کہ اس عملے نے چیلنجوں بھری صورتحال کے باوجود بھی ریاست کے دور دراز علاقوں میں بینکنگ سہولیات فراہم کیں۔گورنر نے کہا کہ بینک ایک اچھا کام کررہا ہے اور ریاستی انتظامیہ بینک کو ہر ممکن تعاون دستیاب رکھے گی۔ انہوں نے بینک پر زور دیا کہ وہ دیہی اور زرعی خریداروں کے ساتھ ساتھ نئے کارخانہ داروں کی طرف بھی توجہ دیں تاکہ فوائد بنیادی سطح عوام تک پہنچ سکیں۔چیئرمین اور سی ای اوجے کے بینک پرویز احمد نے گورنر اور ریاست انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بینک کا کیلنڈر ریاست کے کونے کونے میں لگ بھگ 25لاکھ گھروں تک پہنچتا ہے اور اس کی سماجی افادیت کو مد نظر رکھتے ہوئے گورنر سے درخواست کی گئی وہ اس کا جاری کریں۔انہوں نے کہا کہ بینک کوشش کرتا ہے کہ کیلنڈر کے ہر ایک پنے کے ذریعے سے لوگوں تک ایک پیغام پہنچانے کی کوشش کرتا ہے ۔پرویز احمد نے مزید کہا کہ یہ کیلنڈر ریاست کے نوجوانوں کی ترغیب بنے گا تاکہ وہ ایڈونچر سپورٹس میں بڑھ چڑھ کا حصہ لے کر ایڈونچر سیاحت کے سفیر بنیں اور سیاحتی شعبے کی ترقی میں اپنا بھر پور رول ادا کرسکیں۔گورنر نے اس موقعہ پر بینک کے 50ڈیلی وری چینلز جو 26بینکنگ آوٹ لٹس اور 24اے ٹی ایمز پر مشتمل ہیں کا بھی افتتاح کیا تاکہ ریاست میں بینکنگ خدمات کا دائرے کار وسیع کیا جاسکے اور دور دراز علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو بہتر خدمات دستیاب ہوسکیں۔