عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// کشمیر ٹریڈ الائنس نے جے کے بینک کی ایم پے موبائل بینکنگ سروسز کے جاری مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، اور کہا ہے کہ صارفین کو بار بار ہونے والی بندش کی وجہ سے بڑی مشکلات کا سامنا ہے۔ الائنس صدر اعجاز شہدار نے کہا کہ یہ مسائل نہ صرف روزمرہ مالی معاملات کو متاثر کرتے ہیں بلکہ مختلف اہم مقامات پر صارفین کو شرمندگی کا سامنا بھی کراتا ہے۔ شہدار نے کہا’’روزانہ بنیاد پر جے اینڈ کے’ ایم پے‘ موبائل ایپ میںبندش ہوتی ہیں، جس سے صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہوتا ہے۔ صارفین اکثر دواخانے، ریسٹورنٹوں، کریانہ اسٹوروں اور حتیٰ کہ ایئرپورٹوں پر بھی اپنے لین دین مکمل نہیں کر پاتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جے اینڈ کے بینک نے اپنے سروسز کو بہتر بنانے کے وعدے کیے تھے، جن میں’’ ایم پے ‘‘سے ’’ایم پے ڈیلائٹ‘‘ کی طرف منتقلی بھی شامل تھی، لیکن سروسز کی معیار میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ “انہوں نے مزید کہا کہ بینک نے کئی بار سروسز میں بہتری کے دعوے کیے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ خدمات ابھی بھی ناقص ہیں،”۔انہوں نے کہاکہ کاروباری طبقے پر اس کا گہرا اثر پڑا ہے، کیونکہ کئی صارفین ادائیگی کے مسائل کی وجہ سے خریداری کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ کے ٹی اے کے صدر نے کہا”کاروباروں کو نقصان ہو رہا ہے کیونکہ صارفین اکثر خریداری کرنے سے انکار کر دیتے ہیں جب وہ آن لائن ادائیگیاں نہیں کر پاتے۔‘‘شہدار نے ایک اہم سوال اٹھاتے ہوئے کہا’’جے اینڈ کے بینک اپنی خدمات کیوں نہیں اپ گریڈ کر رہا جب کہ کشمیر کے دوسرے بینک صارفین کو پریشانی سے آزاد موبائل بینکنگ حل فراہم کر رہے ہیں؟” انہوں نے بینک انتظامیہ سے فوری طور پر ان مسائل کو حل کرنے اور صارفین کا اعتماد دوبارہ بحال کرنے کی درخواست کی۔ کشمیر ٹریڈ الائنس نے جے اینڈ کے بینک سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی ایم پے خدمات کی بہتری کو ترجیح دے۔