سرینگر// جموں و کشمیر بینک میں بینکنگ ایسو سی ایٹ کی1500 اسامیوں کی تقرریوں کیلئے لئے جارہے آن لائن امتحانات جمعہ کو اختتام پذیر ہوئے ۔ آخری مرحلے میں اُن امیدواروں کا امتحان لیا گیا جو جنوری کی3,5اور9تاریخ کو بھاری برف باری کی وجہ سے اس امتحان میں شریک نہیں ہوسکے تھے۔ بینک کے ایگزیکٹیو پریزیڈنٹ سنیل گُپتا نے امتحان کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر چہ ان امتحانوں میں بینک کا کردار صرف نگہداشت کا تھا تاہم جس شفافیت کے ساتھ یہ امتحان منعقد کرائے گئے اُس میں بینک عملے نے قابل تحسین کام انجام دیا۔ ہم نے IBPSسے اُن بچوں کیلئے دوبارہ سے امتحان منعقد کرانے پرکافی اسرار کیا جو اپنے امتحان مقررہ وقت پر برف باری کی وجہ سے نہیں دے سکے تھے اور مجھے خوشی ہے کہ انہوں نے ہماری سفارش کو خصوصی طور قبول کیااوربہر صورت ہماری نیک تمنائیں تمام امیدواروں کے ساتھ ہیں۔دریں اثناء جموں و کشمیر بینک اور جموں و کشمیر انڈسٹرئل ڈیولپمنٹ کارپوریشن (SIDCO) کے درمیان آج ایک آپسی معاہدہ طے پایا جس کی رو سے جموں و کشمیر بینک SIDCOکے یونٹ ہولڈروں کیلئے ایک"Easy Collect"پورٹل فراہم رکھے گا تاکہ انکی واجب رقومات کو آسانی کے ساتھ وصول کیا جائے ۔آپسی معاہدے طے پانے کے موقع پر بینک کے ایگزیکٹیو پریزیڈنٹ سنیل گُپتا، جنرل منیجر سڈکو حکیم مشہود احمد، بینک CMDکے سپیشل سیکریٹری کرن جیت سنگھ، وائس پریزیڈنٹ نارجے گپتا، منیجر سڈکو شبیر احمد بٹ اور دیگر افسراں موجود تھے۔ بینک ایگزیکٹیو پریزیڈنٹ نے کہا کہ SIDCOجموں و کشمیر یونین ٹریٹری میں صنعتی ماحول کو پروان چڑھانے میں ایک اہم رول نبھا رہا ہے اور جے کے بینک انہیں ہمیشہ اپنا دست تعاون پیش رکھے گا۔سڈکو کے جنرل منیجر نے بینک کردار کو سرہاتے ہوئے کہا کہ اس بینک نے ایک بار پھر یہ ثابت کردیا ہے کہ یہ اس خطے کی صنعتی ترقی کا کتنا آرزو مند ہے۔ بینک کے تعاون سے اب ہمارے2900سے زائد یونٹ ہولڈر مستفید ہوجائیں گے اور وہ کہیں سے بھی اپنی رقومات کو اب جمع کرسکتے ہیں۔ مشہود احمد نے جے کے بینک انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔