سرینگر//جے کے بنک نے آج ستمبر2017کے اخیر تک ختم ہونے والی پہلی ششماہی کے دوران 101.83 کروڑ روپے کا خالص منافع درج کیا ہے ۔ان نتائج کا اعلان بنک کے کارپوریٹ ہیڈ کوارٹر میں بورڑ میٹنگ کے دوران کیا گیا ۔اس بارے میں بنک چیئرمین و سی ای او پرویز احمد نے اپنے تاثرات کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ یہ نتائج دراصل بنک کی انتظامیہ اور عمل آوری شعبوں کے تال میل سے ممکن ہوسکے اور ستمبر میں توقع سے بڑھ کر بھی نتائج سامنے آئے ۔مارکیٹ کے تجزیہ کار بھی بنک کی اس کارکردگی کو سراہ رہے ہیں اور اگلے ایام میں بنک کی طرف سے اسی طرح کی کارکردگی کیی توقع کرتے ہیں ۔بنک چیئرمین نے کہاکہ ہم سنجیدگی سے بنک اور ریاستی معیشت کی نمو کیلئے کام کررہے ہیں اور ہم نے ریاست جموں وکشمیر میں قرضہ حجم کو 15فیصد مزید بڑھادیا ہے ۔چیئرمین نے کہاکہ ایڈوانس اور ڈیپازٹ اس سہ ماہی کے دوران70384.60کروڑ درج ہوا جبکہ خالص ایڈوانس 51341.32کروڑ روپے درج ہوئے ۔اس طرح سے ریاست اور دیگر مقامات پر قرضہ کا فروغ25فیصد تک جاپہنچا ۔انہوں نے ریاستی وزیراعلیٰ،وزیرخزانہ اور دیگر متعلقین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ سرکار اور عوام کے تعاون کے بغیر جے کے بنک کا نمو اور اسکی ترقی ممکن نہیں ہے اور وہ سبھی سے آگے بھی بھرپور تعاون کی توقع رکھتے ہیں ۔