سرینگر// 28جولائی کو بزنس یونٹ رتنی پورہ میں پیش آئے بدقسمت واقعے میں ملوث ملازم کو فوری طور نوکری سے برطرف کرنے کے سخت اقدام کے بعد جے کے بنک نے متاثرہ کنبے کی بازآبادکاری کے حوالے سے کئے گئے اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے ان کے حق میں25لاکھ روہے کی مالی امداد پیش کی ۔اس اقدام کا مقصد متاثرہ کنبے کو باعزت روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ متوفیہ طالبہ کے کمسن بھائی وبہن کو معیاری تعلیم فراہم کرنا ہے ۔یہ رقم بنک کے سی ایس آر پروگرام اور عملے کی مشترکہ کاوش سے جمع کی گئی اور اسے متاثرہ کنبے کے ممبران کے مشترکہ ناموں پر بنک کے ماہانہ آمدن پروگرام میں سرمایہ کیا گیا۔یہ رقم چیئرمین و سی ای او جے کے بنک پرویز احمد کے ہاتھوں بنک کے کارپوریٹ ہیڈ کوارٹر میں ایگزیکٹیو پریذیڈنٹ وہگیس چندر ،پریذیڈنٹ پی کے تکو ،وائس پریذیڈنٹ ایم اے وانچو ،زونل ہیڈ سائوتھ iتصدق احمد ڈار ،کلسٹر ہیڈ مظفر قادر اور دیگر سینئر بنک افسران کی موجودگی میں پیش کی ۔کنبے کے کھاتے میں سرمایہ کی گئی یہ رقم متواتر اور خاصی آمدن یعنی13500روپے ماہانہ پیدا کرنے انہیں مالی مدد فراہم کرے گی اور انہیں مستقبل کیلئے ایک محفوظ سرمایہ بنے گی .اس موقعے پر چیئرمین پرویز احمد نے بنک عملے کی جانب سے اس اہم سماجی اشو میں اپنی فکرمندی اور وابستگی کا مظاہرہ کرنے پر ان کی ستائش کی ۔انہوں نے کہاکہ جس طرح بنک عملے نے مجموعی طور اس واقعے پر اپنی فکر مندی کا اظہار کیا ہے اور متاثرہ کنبے کی امداد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اس سے یہ بات واضح ہوگئی کہ جے کے بنک عملہ اپنے سماج کے ساتھ جڑا ہوا ہے اور وہ بنک کو سماج کے ساتھ مربوط کئے ہوئے ہیں ۔رتنی پورہ میں پیش آئے واقعے پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے چیئرمین نے کہاکہ بنک انتظامیہ نے فوری طور ملوث ملازم کو نوکری سے برخواست کرکے یہ واضح پیغام دیا کہ جے کے بنک کسی بھی سطح پر اپنے معزز صارفین کی عزت و تکریم کے حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرسکتا ہے ۔اس موقعے پر چیئرمین پرویز احمد نے متوفیہ لڑکی کے والدین سے گذارش کی کہ وہ اپنے دو کمسن بچوں کی معیاری تعلیم میں کوئی کسر باقی نہ رکھیں ۔اس موقعے پر متوفیہ بچی کے بھائی اور بہن نے جب اپنے مستقبل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ وہ بالترتیب ڈاکٹر اور استاد بننا چاہتے ہیں تو وہاں ماحول جذباتی ہوگیا اور چیئرمین جناب پرویز احمد ازخود جذباتی نظر آئے اور ان بچوں کی خواہش پوری ہونے کی دعا کی .اس موقعے پر چیئرمین نے بنک عملے کو مخاطب ہوکر کہاکہ وہ بنک میں ایک اعلی معیاری کارپوریٹ نظم و ضبط کو استحکام بخشیں جہاں اس طرح کے افسوس ناک واقعہ کیلئے کوئی برداشت نہ ہو .