سرینگر//جے کے بنک چیئرمین و سی ای او پرویز احمد نے کل دہلی پبلک سکول سرینگر کا دورہ کیا۔چیئرمین جے کے بنک کو ڈی پی ایس سرینگرمنتظمین کی طرف سے مدعو کیا گیا تھا اور ان کے ساتھ زونل ہیڈ کشمیر سنٹرل .منظور حسین ،ہیڈ بزنس یونٹ بی بی کنٹ سید جمیل قادری اور دیگر بنک افسران بھی تھے۔چیئرمین نے کہاکہ میں دلی پبلک سکول کو دیکھ کر کافی خوش ہوں اور اسکا بہترین ڈھانچہ خصوصا مختلف طبقوں سے وابستہ بچوں کو دیکھ کر کافی مسرت محسوس کرتا ہوں ۔چیئرمین جے کے بنک کے تاثرات پر اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے ڈی پی ایس چیئرمین وجے دھر نے کہاکہ’’ہم بنک چیئرمین کے دورے کی سراہنا کرتے ہیں اور ان کے تعریفی الفاظ سے کافی حوصلہ مند ہیں ۔ وجے دھر کے تاثرات کے جواب میں چیئرمین پرویز احمد نے متعلقہ افسران کو موقعے پر ہی ہدایت دی کہ وہ سکول میں مالیاتی جانکار ی کیمپ منعقد کریں اور اسکے ساتھ ساتھ بزنس یونٹوں کا بھی مشاہدہ کرائیں تاکہ بچوں کو بنک کی سرگرمیوں کے بارے میں ابتدائی معلومات فراہم ہوں ۔اس موقعے پر چیئرمین نے ماڈل ایجوکیشنل بینکنگ سنٹر کے قیام کی تجویز دی جسے اسکول منتظمین نے فوری طور قبول کرتے ہوئے اسکے لئے جگہ کی فراہمی کا بھی یقین دلایا۔ریسورس سنٹر پر انسٹکٹر قرۃ العین ،جو خود بینائی سے متاثر ہیں نے چیئرمین کو اس سنٹر کے بارے میں مختصر تعارف دیا جہاں بینائی سے متاثرین کیلئے کورس شروع ہوئے ہیں جس کیلئے صرف پانچ سو روپے فیس ہے ،جس میں کمپیوٹر ،انگریزی زبان اور برائٹل شامل ہیں ۔انہوں نے بنک چیئرمین سے درخواست کی کہ وہ تمام عملے کو بینائی سے متاثرین کی ضروریات کا خیال رکھنے کی تلقین کریں جس پر چیئرمین نے موقعے پر ہی احکامات صادر کئے ۔