سرینگر//جے کے بنک گذشتہ دو برسوں سے مودی حکومت کی جانب سے شروع کی گئی وسیع اقتصادی اصطلاحات کا بہتر سے بہتر استعمال کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ طریقہ کار اور بروئے کار لائے گا۔ان خیالات کا اظہار مرکزی وزیر ترقی برائے شمال مشترقی خطہ (DoNER)ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے نئی دلی میں جمعرات کو جے کے بنک چیئرمین پرویز احمد سے خود انحصاری کیلئے مستقبل کی حامل بینکنگ اپروچ اپنانے پر زور دیتے ہوئے کیا۔یہ بات قابل ذکرہے کہ چیئرمین جے کے بنک نے وزیر موصوف سے ملاقات کرکے ریاست کی بینکنگ صنعت اور معاشی منظر نامے پر وسیع اشوز پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے ملاقات کی۔اس موقعے پر چیئرمین بنک نے کہاکہ بنک کا مطمح نظر معاشی ترقی ،بینکنگ ضوابط کی مزید جانکاری اور ریاست میں نوجوانوں کو انٹرپرینیونشپ کی طرف مائل کرنے کیلئے اقدامات کرے گا۔اس عمل کیلئے بنک انتظامیہ ریاستی حکومت اور مرکز کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ ریاست میں معاشی سرگرمیوں کو آگے بڑھایا جاسکے۔دوران میٹنگ وادی کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے پرویز احمد نے وزیر موصوف کو ان طریقہ کار اور اقدامات کے بارے میں بتایا جو تجارت و کاروبار کو ہوئے نقصان اور قرضہ ادائیگی میں آئی رکاوٹ سے نمٹا جاسکے ۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بنک چیئرمین کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا تاکہ ریاست جموں وکشمیر کی اقتصادی ترقی کیلئے جے کے بنک اپنا تعاون جاری رکھ سکے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ نامساعد حالات کا مرحلہ ختم ہونے کے بعد جے کے بنک ریاست کی تجارت اور معاشی سرگرمیوں کو پٹری پر لانے کیلئے جے کے بنک ،ریزور بنک آف انڈیا اور مرکزی وزارت خزانہ کے ساتھ مشترکہ لائحہ عمل تیار کرے ۔