سرینگر//جموں وکشمیر بنک میں ریلیشن شپ ایگزیکٹیو ز کی اسامیوں کیلئے منعقد کئے گئے امتحانات کے بعد آج کامیاب امیدواروں کی فہرست منظر عام پر لائی گئی ۔ان اسامیوں کیلئے مارچ 2015میں درخواستیں طلب کی گئی تھیں جس میں تقریبا50000امیدواروں نے آن لائن عمل کے ذریعے درخواستیں پیش کیں تھیں ۔تقریبا 3000امیدواروں نے آن لائن تحریری امتحان میں کامیابی پائی جو ریاست کے مختلف مقامات پر قائم کئے گئے مراکز میں اگست اورستمبر 2015میں منعقد کئے گئے تھے ۔ تحریری امتحانات میں کامیاب ہوئے امیدواروں کا سکرین ٹیسٹ ماہرین کی کمیٹی کے ذریعے منعقد کیا گیا اور اس طرح 350امیدوارریلیشن شپ ایگزیکٹیو کے لئے منتخب قرار دئے گئے ۔باقی ماندہ1250امیدواروں کو بنک کے ایسوسی ایٹ کیڈر کی خالی اسامیوں کی پیشکش کی گئی ۔جے کے بنک چیئرمین و سی ای او پرویز احمد نے منتخب امیدواروں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے انہیں ایک نئی اور پرجوش شروعات کیلئے خوش آمدید کہا ۔دیگر امیدواروں کی صلاحیتوں کا ادراک کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ ان سبھی کو ان اسامیون کیلئے منتخب کرنا چاہتے تھے لیکن محدود اسامیوں کی بنا پر اس وقت ایسا ممکن نہ ہوسکا ۔۔انہوں نے سبھی امیدواروں کیلئے نیک خواہشات پیش کیں اور انہیں زندگی کے ہر لمحے میں محنت و لگن سے آگے بڑھنے کی نصیحت کی ان نتائج میں تاخیر کے اسباب پر روشنی ڈالتے ہوئے چیئرمین نے کہاکہ یہ تاخیر ناگزیر تھی اور کسی نے بھی ایسا نہیں چاہا تھا لیکن چند ناگزیر حالات کی وجہ سے ان نتائج کے منظر عام پر لانے میں تاخیر ہوئی جس کی ایک خاص وجہ زیر دبائو معیشت اور بینک کے مشکل اوقات ہے ۔انہون نے امید ظاہر کی کہ بنک میں شامل ہونے والے نوجوان بینکنگ صنعت کے مستقبل کیلئے ایک نمونہ بنیں گے ۔مستقبل کی پالیسیوں پر بات کرتے ہوئے چیئرمین نے بنک کے مستقبل کیلئے پر امید رہنے کیلئے کہاکہ اور کہاکہ بنک ترقی کے منازل اسی طرح طے کرتا رہے گا ۔انہوں نے کہاکہ بنک شاخوں کی تعداد875سے بڑھ کر2000تک لے جائی جائے گی جن میں بیشتر نئی شاخیں ریاست جموں وکشمیر میں قائم کی جائیں گی جو بنک کو نئے4000بینکنگ ایسوسی ایٹس اگلے تین برسوں میں تعینات کرنے کا اہل ہوگا ۔اگلے برسوں میں بنک کے اے ٹی ایم کی تعداد بھی2500تک پہنچ جائے گی۔انہوں نے کہاکہ بنک وزیر اعلیٰ کے حالیہ ارشادات کے تناطر میں بنک کو ہر جگہ پہنچانے کیلئے اقدامات کررہا ہے جس میں ہائی ڈینسٹی سیب باغات کی طرف پیش قدمی اسی سمت میں اٹھایا گیا ایک قدم ہے