عشرت حسین بٹ
منڈی//دو روز قبل جموں و کشمیر میں کے اے ایس امتحان 2023 کے نتائج سامنے آئے جن میں جہاں جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع کے طلبا ء نے اس امتحان کو پاس کیا وہیں پر ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی سے بھی تعلق رکھنے والے تین طلباء میں ان امتحانات میں بہتر کارکردگی کر کے کامیابی حاصل کی ہے جن میں غلام جیلانی تانترے ولد محمد اکرم تانترے سکنہ لورن تحصیل منڈی نے اس امتحان میں 16واں مقام حاصل کیا ہے وہیں منڈی تحصیل کے علاقہ چھیلا سے تعلق رکھنے والے عاقب اسرار ولد اسرار میر نے پہلی بار امتحان میں حصہ لیتے ہوئے 35واں مقام حاصل کیا ہے جبکہ تحصیل منڈی کے علاقہ فتح پور سے تعلق رکھنے والی صبا کرمانی دختر خرشید کرمانی نے چھوتی بار امتحان میں حصہ لیتے ہوئے 45واں مقام حاصل کیا ہے۔ تحصیل منڈی کے تینوں امید واروں کی کامیابی پر جہاں ان کے اہل خانہ رشتہ دار خوش ہیں وہیں پر تحصیل منڈی کے لوگوں نے بھی ان طلبا سمیت ان کے والدین کو مبارک باد پیش کی ہے۔ کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے صبا کرمانی نے اپنی کامیابی کو اس کی محنت کے ساتھ ساتھ اس کے والدین کی محنت اور ان کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ میرے لئے اور میرے والدین کا خواب تھا جسے ہم نے مل کر حاصل کیا ان کا کہنا تھا کہ تین مرتبہ امتحانات میں کامیابی حاصل نہ کرنے کے بعد بھی میںنے محنت کا زینہ نہ چھوڑا اور آخر کار اس مقصد کو پورا کرلیا‘‘۔ اسرار کے والد نے اپنے بیٹے کی کامیابی کے حوالے سے کشمیر عظمی کو بتایا کہ یہ ان کے بیٹے کی محنت اور لگن کا نتیجہ ہے کہ اس نے پہلی دفعہ امتحانات دیتے ہوئے کامیابی حاصل کی جو ان کے لئے اللہ کی طرف سے بہت بڑا تحفہ ہے ان کا کہنا تھا کہ ان کا ایک اور بھی فرزند ہے جو اسی امتحان کی تیاری میں محو ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ بھی آنے والے وقت میں امتحان میں کامیاب ہوگا۔ غلام جیلانی تانترے نے اپنی کامیابی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بڑی خوشی محسوس ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں کشمیر میں ان کی 16ویں پوزیشن ہے جبکہ ضلع پونچھ میں پہلی ۔ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی کے پیچھے ان کے والدین کے ساتھ ساتھ ان کے رشتہ داروں اور احباب کی گیڈنس بھی تھی جس نے انہیں ان امتحانات میں کامیاب سے ہمکنار کیا۔