سرینگر //کمانڈنٹ آر کے ارورہ کی سربراہی میں سینٹر فار پیس اینڈ کنفلیکٹ سٹیڈیز جے پور کے ایک وفد نے آج یہاں راج بھون سرینگر میں گورنر این این ووہر اکے ساتھ ملاقات کی۔سینٹر فار پیس اینڈ کنفلیکٹ سٹیڈیز سردار پٹیل یونیورسٹی آف پولیس، سیکورٹی اینڈ کرمنل جسٹس راجستھا ن کا ایک حصہ ہے اور یہ ادارہ اندورنی سلامتی ، دہشت گردی مخالف کارروائیوںاورسرحدی حفاظت پر ایگزیکٹیو تعلیم اور تحقیق کاکام عمل میں لاتا ہے۔مذکورہ وفد وادی میں نامساعد حالات اور دہشت گردی کے معاملات کاجائزہ لینے کے لئے کشمیرکے دورے پر ہے جوکہ قومی اور بین الاقوامی سلامتی پر ایگزیکٹیو پروگرام کے ماڈیول کا ایک حصہ ہے۔سینٹر فار پیس اینڈ کنفلیکٹ سٹیڈیز کشمیرکے حالات کی مختلف جہتوں پر بھی تحقیق کررہا ہے اور اس ادارے نے مسائل کے حل کے لئے وقتاً فوقتاً اپنی آراء اور تجاویز دی ہیں۔وفد کے ساتھ خیالات کا تبادلہ کرتے ہوئے گورنر نے نامساعد حالات اور سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے عمل میں لائی جانے والی کارروائیوں کے تمام پہلوئوں کا باریک بینی کے ساتھ جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوںنے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی تحقیق کو منصوبہ سازوں اور سیکورٹی فورسز کے لیڈروں کے لئے سود مند بنانے کے یقینی بنائیں۔گورنر نے ملک کے مختلف حصوں میں درپیش امن و قانون کے مسائل پر بھی تحقیق کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ پیچیدہ مسائل کے وجوہات کا پتہ لگا کر امن اور رواداری کو دوام بخشا جاسکے۔گورنر نے سائبر پروپیگنڈہ کا توڑ کرنے کے لئے موثر میکانزم سامنے لانے کی ضرورت پر زور دیا ۔وفد میں سینٹر فار پیس اینڈ کنفلیکٹ سٹیڈیز کے اسسٹنٹ پروفیسر ونود کمار ،سرحدی حفاظتی فورس کے سکینڈ ان کمانڈ جے پال سونی ، سی آر پی ایف کے سیکنڈ ان کمانڈ جتند ر پال سنگھ ،ایس ایس بی کے ڈپٹی کمانڈنٹ مہندر کمار ٹھاکر ، بی ایس ایف کے ڈپٹی کمانڈنٹ ستیش کمار دہیا ،سی آر پی ایف کے ڈپٹی کمانڈنٹ سریش سنگھ اور سی آر پی ایف کے سکینڈ ان کمانڈ وجے سنگھ کٹھانہ بھی شامل تھے۔