سری نگر// دلی نشین جے سی پبلشرز کی ساتویں جماعت کی ’ہسٹری اینڈ سویکس‘ کی متنازع درسی کتاب پر عوامی حلقوں میں پائے جانے والے غم و غصے کے بیچ جہاں سری نگر انتظامیہ نے پولیس کو پبلشر اور کتاب کے سری نگر ڈسٹری بیوٹر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے مکتوب روانہ کیا ہے وہیں جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو یہ کتاب استعمال کرنے سے اجتناب کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
دریں اثنا جے سی پبلیکشنز پرائیویٹ لمیٹڈ دلی س اس ضمن میں معافی نامہ جاری کرتے ہوئے اس کو ایک غیر ارادی غلطی قرار دیا ہے۔
بتادیں کہ جے سی پبلیکشنز دلی کی طرف سے چھاپی گئی ساتویں جماعت کی اس ’ہسٹری اینڈ سویکس‘ کی درسی کتاب میں پیمبر اسلام حضرت محمد (ص) اور حضرت جبرئیل (ع) کا عکس چھاپا گیا ہے۔
اس متنازع کتاب کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل ضلع مجسٹریٹ سری نگر سید حنیف بلخی نے ایس ایس پی سری نگر کو مذکورہ پبلشنگ ہاؤس اور سری نگر میں قائم اس کے اسٹاکسٹ کے خلاف ایف آئی درج کرنے کو کہا ہے۔
موصوف ضلع مجسٹریٹ نے ایس ایس پی کے نام اپنے مکتوب میں لکھا ہے: ’چیف ایجوکیشن افسر سری نگر نے ہمیں اطلاع دی کہ جے سے پبلشرز نامی ایک دلی نشین پبلشنگ ہاؤس نے ساتویں جماعت کے طلبا کے لئے ایک کتاب چھاپی ہے جس میں کچھ حساس مواد چھاپا گیا ہے اور یہ کتاب پرے پورہ سری نگر میں قائم ’پیرا ڈائس بک شاپ‘ پر دستیاب ہے‘۔
مکتوب میں کہا گیا: ’اس معاملے کے پیش نظر استدعا ہے کہ اس کتاب کے پبلشر اور ڈسٹری بیوٹر کے خلاف تحت قانون کارروائی عمل میں لائی جائے‘۔
دریں اثنا جموں وکشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن نے جموں و کشمیر اور لداخ کے تمام اسکولوں کو یہ کتاب استعمال نہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
بورڈ کی طرف سے جاری حکمنامے میں کہا گیا ہے: ’جموں و کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹری کے تمام سرکاری ونجی اسکولوں خواہ وہ سی بی ایس ای سے منسلک ہوں، جموں و کشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن سے یا ملک کے کسی بھی بورڈ سے منسلک ہوں کو ہدایات دی جاتی ہیں کہ وہ جے سی پبلیکشنز پرائیویٹ لمیٹڈ نئی دہلی کی ساتویں جماعت کی ‘ہسٹری اینڈ سویکس‘ کی درسی کتاب ایڈیشن 2020 کو استعمال نہ کریں‘۔
حکمنامے میں کہا گیا کہ اگر کسی اسکول نے یہ کتاب استعمال کی ہے تو وہ اس کو فوری طور بند کرے بصورت دیگر اس کے خلاف تحت قانون کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ادھر جے سی پبلیکشنز دلی نے اس ضمن میں ایک معافی نامہ جاری کیا ہے۔
معافی نامے میں کہا گیا ہے: ’اسلام میں عکس چھاپنے پر ممانعت ہونے کے بارے میں علم نہ ہونے کے باعث ہم نے ساتویں جماعت کی ’ہسٹری اینڈ سویکس‘ کتاب ایڈیشن 2020 میں سبق نمبر 02 کے صفحہ نمبر 033 پر ایک غیر ارادی غلطی کی ہے جس سے ہمارے بھائیوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں‘۔
معافی نامے میں کہا گیا: ’ہم جے سی پبلیکشنز کی پوری ٹیم اس کے لئے معافی کے خواستگار ہیں اور یہ یقین دہانی کرتے ہیں کہ اگلے ایڈیشن میں اس غلطی کو نہیں دہرایا جائے گا‘۔