جاوید اقبال
مینڈھر// راجوری سے تعلق رکھنے والے ایک جے سی بی مشین ڈرائیور کی لاش مینڈھر کے حکیم موڑ علاقے میں ایک کرایہ کے کمرے سے برآمد ہوئی ہے۔متوفی کی شناخت انکش کمار کے طور پر کی گئی ہے، جو مینڈھر میں جے سی بی مشین چلانے کا کام کرتا تھا اور وہیں کرایے کے ایک کمرے میں مقیم تھا۔مقامی ذرائع کے مطابق، جب انکش کمار کئی گھنٹوں تک نظر نہیں آیا اور اس کا کمرہ اندر سے بند پایا گیا، تو لوگوں کو شبہ ہوا۔ بعد ازاں، جب دروازہ کھولا گیا تو اندر اس کی لاش موجود تھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی۔پولیس نے ابتدائی تفتیش کے دوران کسی بھی مشتبہ پہلو کا جائزہ لیا ہے، تاہم موت کی اصل وجہ جاننے کے لئے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لئے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال مینڈھر منتقل کیا گیا۔پوسٹ مارٹم کے بعد پولیس نے نعش کو آخری رسومات کے لئے لواحقین کے حوالے کر دیا اور مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔