تروواننت پورم//کیرالہ میں تقرریوں میں بھائی بھتیجواد کے الزامات پر دو برس پہلے ریاستی کابینہ سے استعفی دے چکے مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) کے لیڈر ای پی جے راجن نے منگل کو پھر سے وزیر کے عہدہ کا حلف لیا ۔ گورنر جسٹس (ریٹائرڈ) پی سداشیوام نے راج بھون میں منعقدہ ایک پروگرام میں مسٹر جے راجن کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا۔ اس موقع پر وزیراعلی پنارائی وجین ، ان کے کابینی ساتھی اور اعلی انتظام حکام موجود تھے ۔ دوسری طرف اپوزیشن کانگریس کی قیادت والے متحدہ جمہوری محاذ نے حلف برداری تقریب کا بائیکاٹ کیا اور الزام لگایا کہ مسٹر جے راجن کو وزیر بننے کا اخلاقی حق نہیں ہے ۔ صنعت اور کھیل کے وزیر رہ چکے مسٹر جے راجن نے اپنے بیٹے کنور سے رکن پارلیمان پی کی شری مارتھی اور بھتیجے پی کے سدھیر نامبیار کو کیرالہ انڈسٹریل انٹرپرا ئزز لمیٹڈ کا منیجنگ ڈائرکٹر مقرر کئے جانے کے معاملہ میں بھائی بھتیجواد کے الزامات لگنے پر اکتوبر 2016کو اپنے عہدہ سے استعفی دے دیا تھا۔ بہرحال معاملہ کی تفتیش کررہے خفیہ اور انسداد بدعنوانی بیورو نے مسٹر جے راجن کو الزامات سے بری کر دیا ہے ۔یو این آئی ۔