سرینگر//گورنر این این ووہرا نے سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران جے اینڈ کے بنک کی کارکردگی کا جائیزہ لیا ۔چیئرمین جے اینڈ کے بنک نے پچھلے چار برسوں کے دوران بنک کی کار کردگی کی ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی اور گورنر کو پچھلے مالی سال کے دوران بنک کو ہوئے نقصانات کی وجوہات سے روشناس کیا ۔ انہوں نے گورنر کو 6 ہزار کروڑ روپے کے این پی اے کو حاصل کرنے کے سلسلے میں کئے جا رہے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری دی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ بنک این پی اے اکاؤنٹس سے 4 ہزار کروڑ روپے واپس حاصل کرنے کی توقع رکھتا ہے ۔ گورنر نے بنک حکام پر زور دیا کہ بنک میں کریڈٹ اپریزل نظام کو استحکام بخشنے کی بڑی ضرورت ہے ۔ بنک کی طرف سے مالی سال 2018-19 میں منافع حاصل کرنے پر سراہتے ہوئے گورنر نے بنک انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ بنک کی پالیسیوں و دیگر ضروریات میں بہتری لانے میں تمام ممکنہ اقدامات کریں ۔ گورنر نے بنک حکام سے مزید تاکید کی کہ وہ بنک میں بھرتی کے طریقہ کار کو مزید شفاف بنائیں اور بھرتیوں کا عمل ایک منصفانہ طریقے سے یقینی بنائیں ۔